عامر لیاقت حسین کے پوسٹ مارٹم تک ان کی تدفین رکوانے کا فیصلہ
پولیس نے گزشتہ روز انتقال کرنے والے رکن قومی اسمبلی عامر لیاقت حسین کی موت کی وجہ جاننے کے لیے پوسٹ مارٹم تک ان کی تدفین رکوانے کا فیصلہ کیا ہے۔
عامر لیاقت کی وصیت کے مطابق ان کے کفن دفن کے انتظامات رمضان چھیپا کر رہے ہیں اور سابق وزیر مملکت برائے مذہبی امور کی میت سرد خانے میں رکھی گئی ہے۔
عامر لیاقت کے صاحبزادے احمد آج بیرون ملک سے کراچی پہنچ رہے ہیں اور سابق رکن قومی اسمبلی کے نماز جنازہ کا اعلان بعد نماز جمعہ کیا گیا ہے جبکہ ان کی تدفین بھی عبد اللہ شاہ غازی مزار کے احاطے میں ہو گی۔
پولیس کا مؤقف ہے کہ عامر لیاقت کی موت کی وجوہات جاننے کے لیے ان کا پوسٹ مارٹم کرنا ضروری ہے جبکہ عامر لیاقت کے اہلخانہ پوسٹ مارٹم سے انکاری ہیں۔
پولیس نے عامر لیاقت کی میت کے حوالے سے بریگیڈ تھانے میں روزنامچہ درج کر لیا ہے جس میں سرد خانے کو عامر لیاقت کی میت بریگیڈ تھانے کے عملے کے حوالےکرنے کا کہا گیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ بریگیڈ تھانے کے عملے کے علاوہ عامر لیاقت کی میت کسی اور کے حوالے نہ کی جائے، اگر میت کسی اور کو دی گئی تو قانونی کارروائی کی جائے گی۔