بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

عمران خان جتنا لانگ مارچ کرلیں حکومت کہیں نہیں جارہی،مریم نواز

مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کا کہنا ہےکہ عمران خان گرفتاری کے ڈر سے بنی گالا کے بجائے پشاور میں کیوں بیٹھے ہیں ؟ عمران خان جتنا لانگ مارچ کرلیں حکومت کہیں نہیں جارہی، عوام وزیراعظم شہباز شریف کے ساتھ کھڑے ہیں۔

 مانسہرہ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ  خیبر پختونخوا نے عمران خان کے لانگ مارچ کو "ایبسولیوٹلی ناٹ ” کہہ کر مسترد کردیا ، انقلاب اس لیے ناکام ہوا کہ وہ ہیلی کاپٹر سے نہیں آتا، پیراشوٹ سے لینڈ نہیں کرتا، یوٹرن لےکر بنی گالا نہیں پہنچتا، عمران خان نے نااہلی سے پاکستان کے سینے پر زخم لگائے ، اس کا سارا بیانیہ دو نمبر ہے۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ عمران خان نےخیبرپختونخواکے عوام کی خون پسینےکی کمائی پانی کی طرح بہائی، جن پیسوں سے اسکول کالج بننے چاہیے تھے وہ وسائل ناکام انتشار میں جھونکے گئے،عمران خان کا مقصد فتنہ اور انتشار تھا،عمران خان جس ہیلی کاپٹر میں بیٹھ کر آیا وہ کے پی حکومت کا تھا،فرح گوگی نے بھی خیبرپختونخوا کا ہیلی کاپٹر استعمال کیا، دھرنے میں استعمال گاڑیاں کے پی  اور جی بی حکومت کی نمبر پلیٹ والی تھیں، وہ کرین جنہیں لےکرچڑھائی کے لیے آیا وہ کے پی کےعوام کے ٹیکس کی تھیں، کرینیں اس لیے واپس ہوگئیں کہ عوام تو دھرنے میں آئے نہیں۔

نائب صدر ن لیگ کا کہنا تھا کہ عمران خان نے لوگوں کو دھرنےکا بتایا لیکن صبح فرار ہوگیا، قوم کے بچے سڑکوں پر مرنےکے لیے اور اس کے بچے لندن کی ٹھنڈی ہوا میں بیٹھے تھے، قوم کے غریب بچے سڑکوں پر لو کے تھپیڑے کھاتے رہے۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت کو 40 دن بھی نہیں ہوئے، شہباز شریف نے آٹا،چینی سستی کر دی،عمران خان کی تباہی کو ٹھیک کرنے کےلیےمشکل فیصلے کرنے پڑے، عمران خان جتنا لانگ مارچ کرلے حکومت کہیں نہیں جارہی،عوام وزیراعظم شہباز شریف کے ساتھ کھڑے ہیں۔

 انہوں نے مزید کہا کہ مینڈیٹ بھی دونمبر، بیانیہ جعلی خط اور عالمی سازش بھی دونمبر، انقلاب بھی دو نمبر ،انقلابی لیڈر عمران خان بھی دونمبر، اتنے آنسو شیل سے نہیں جتنے عمران خان کے دھوکے سے آئے ، ایک آڈیولیک ہوئی جس میں زرداری صاحب کی منتیں کر رہا تھا، جب اس نے دیکھا لانگ مارچ  ناکام ہوگا تو نواز شریف کے پاس اپنے بندے بھیجے، نواز شریف نےکہا دھمکیوں میں نہیں آئیں گےجتنے لانگ مارچ کرنے ہیں کرلو، پہلے زرداری صاحب کی منتیں کیں،پھر سپریم کورٹ کی منتیں کیں۔

اشتہار
Back to top button