ملک تباہی کی طرف جا رہا ہے، ادارے تماشا دیکھ رہے ہیں، عمران خان
چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا کہ وہ پیر کو سپریم کورٹ میں ایک پٹیشن دائر کرنے جارہے ہیں جس میں پوچھا جائے گا کہ سپریم کورٹ واضح طورپربتادے پُرامن احتجاج پاکستان کے شہریوں کا حق ہے یا نہیں؟
پشاور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ادارے تماشہ دیکھ رہے ہیں، ایک پاکستانی ہونے کے ناطے اداروں کو بولنا چاہتا ہوں کہ ملک تباہی کی طرف جا رہا ہے، ملک بچانے کا ٹھیکہ صرف ہم نے نہیں لیا ہوا، اداروں کی ذمے داری ہے کہ ملک کو بچائیں۔
عمران خان نے کہا کہ جان قربان کردوں گا لیکن اِس حکومت کو قبول نہیں کروں گا، 6 دن مکمل ہونے کے بعد اعلان کروں گا کہ دوبارہ اسلام آباد کب آ رہا ہوں، سب کومارچ کی تیاری کاحکم دے دیا، اب ہم پوری تیاری سے اسلام آباد آئیں گے۔
انہوں نے الزام لگایا کہ اسلام آباد میں درختوں کو آگ پولیس والوں نے اور ن لیگ والوں نے لگائی، پُرامن احتجاج پرشیلنگ کا معاملہ عدالتوں اورانسانی حقوق تنظیموں کے ساتھ اُٹھاؤں گا۔