ایمان مزاری کی عبوری ضمانت منظور
اسلام آباد ہائیکورٹ نے اداروں کے خلاف ہرزہ سرائی اور دھمکیوں کے مقدمے میں شیریں مزاری کی بیٹی ایمان مزاری کی ایک ہزار روپے کے مچلکوں پر 9 جون تک عبوری ضمانت منظور کر لی۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ نے ایمان مزاری کی ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست پر سماعت کی۔
پٹیشنر کی جانب سے زینب جنجوعہ اور دانیال حسن ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے۔ عدالت نے استفسار کیا کہ آپ سب لوگوں کے خلاف مقدمہ درج ہو گیا ہے؟
اس پر زینب جنجوعہ ایڈووکیٹ نے بتایا کہ ایمان مزاری کے خلاف تھانہ رمنا میں گزشتہ روز مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
عدالت نے سماعت کے بعد تحریری حکم نامہ جاری کیا کہ پٹیشنر کے مطابق بدنیتی کے تحت ایف آئی آر درج کرائی گئی جس کا مقصد تضحیک کرنا ہے۔
عدالت نے عبوری ضمانت منظور کرتے ہوئے ریاست اور مدعی مقدمہ کو 9 جون کیلئے نوٹس جاری کر دیا۔
عدالت نےکہا کہ پٹیشنر عدالتی پالیسی کے مطابق کیش شورٹی ضمانت جمع کرانے میں آزاد ہے۔ عدالت نے ایمان مزاری کو ہر تاریخ سماعت پر عدالت کے سامنے پیش ہونے کی ہدایت بھی کی۔