اوورسیزپاکستانیوں کو ووٹ کے حق سے محروم کرنے کا جھوٹا پروپیگنڈا کیا جارہا ہے،وزیر قانون
وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ اوورسیزپاکستانیوں کو ووٹ کے حق سے محروم کرنے کا جھوٹا پروپیگنڈا کیا جارہا ہے، ان کے ووٹ کا حق ختم نہیں کیا گیا۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ الیکشن کرانا اور اس کا طریقہ کار وضع کرنا الیکشن کمیشن کا اختیار ہے لیکن پی ٹی آئی نے بہت عجلت میں اس بل کو منظور کیا تھا، پی ٹی آئی حکومت نے 23 بلوں کے درمیان بل رکھ کرآدھے گھنٹے میں منظورکیا۔
انہوں نے کہا کہ اوورسیزپاکستانیوں کو ووٹ کے حق سے محروم کرنے کا جھوٹا پروپیگنڈا کیا جارہا ہے، ان کے ووٹ کا حق ختم نہیں کیا گیا، ہم اوور سیز پاکستانیوں کو قومی اسمبلی اور سینیٹ میں نمائندگی بھی دینا چاہتے ہیں۔
وزیر قانون کا کہنا تھاکہ الیکٹرانک ووٹنگ کے لیے وقت درکار ہے اور الیکشن کمیشن نےکہا ہے کہ فوری انتخابات ای ووٹنگ یا ای وی ایم سے ممکن نہیں جب کہ ہم نے ای وی ایم کے لیے بھی کہا ہے کہ الیکشن کمیشن اپنی پالیسی کے مطابق طریقہ کاراستعمال کرے، الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ مشین پر الیکشن چاہتے ہیں تو درجہ بدرجہ کریں، الیکشن کمیشن جب جس انتخابات میں چاہے ای وی ایم استعمال کرسکتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ نیب قوانین ایک آمرنے متعارف کرائے تھے اور نیب قوانین سیاسی انجینئرنگ کے لیے استعمال کیے گئے، نیب نے سیاست کو مقدم رکھتے ہوئے اپنا کردار ادا کیا، عدالت نے لکھا کہ نیب کو پولیٹیکل انجینرنگ کیلیے استعمال کیاجارہا ہے۔