سری لنکا کیخلاف وائٹ بال سیریز کیلئے قومی ٹیم کا اعلان
پاکستان کرکٹ بورڈ نے سری لنکا کیخلاف 24 مئی سے شروع ہونے والی وائٹ بال سیریز کے لیے قومی خواتین کرکٹ سکواڈز کا اعلان کردیا ہے، وکٹ کیپر بیٹر گل فیروزہ اور لیگ سپنر طوبیٰ حسن کو قومی خواتین ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل سکواڈ کا حصہ بنایا گیا ہے۔ملتان اور لاہور سے تعلق رکھنے والی بالترتیب گل فیروزہ اور صدف شمس کو 15 رکنی قومی خواتین ایک روزہ سکواڈ میں بھی شامل کیا گیا ہے۔سیریز میں شامل تین ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز 24، 26 اور 28 مئی کو کھیلے جائیں گے جبکہ آئی سی سی ویمنز چیمپئن شپ میں شامل تین ون ڈے انٹرنیشنل میچز یکم، تین اور پانچ جون کو کھیلے جائیں گے۔ویمنز چیف سلیکٹر اسماویہ اقبال نے ہیڈ کوچ ڈیوڈ ہیمپ اور کپتان بسمہ معروف سے مشاورت کے بعد دونوں سکواڈز کا انتخاب کیا
انہوں نے 9 مئی سے حنیف محمد ہائی پرفارمنس سینٹر اور نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں جاری پری سیریز کیمپ کے دوران کھلاڑیوں کی کارکردگی، فٹنس اور فارم کا جائزہ لینے کے بعد اسکواڈ کا انتخاب کیا ہے۔کپتان بسمہ معروف، فاطمہ ثنا، عالیہ ریاض اور ڈیانا بیگ بھی دبئی میں فیئر بریک انٹرنیشنل ٹی ٹوئنٹی ایونٹ میں شرکت کے بعد کراچی پہنچ گئی ہیں، یہ چاروں کھلاڑی 21 مئی بروز ہفتے سے اسکواڈ کو جوائن کریں گی۔قومی ویمن ون ڈے سکواڈ ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہو گا، بسمہ معروف (کپتان)، ایمن انور، عالیہ ریاض، انعم امین، ڈیانا بیگ، فاطمہ ثنا، غلام فاطمہ، گل فیروزہ، منیبہ علی صدیقی، ندا ڈار، عمیمہ سہیل، صدف شمس، سعدیہ اقبال، سدرہ امین اور سدرہ نواز جبکہ قومی ٹی ٹوئنٹی سکواڈ ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہوگا بسمہ معروف (کپتان)، ایمن انور، عالیہ ریاض، انعم امین، عائشہ نسیم، ڈیانا بیگ، فاطمہ ثنا، گل فیروزہ، ارم جاوید، کائنات امتیاز، منیبہ علی صدیقی، ندا ڈار، عمیمہ سہیل، سعدیہ اقبال اور طوبی حسن۔