بسم اللہ الرحمن الرحیم

حادثات و جرائم

تھانہ نیلور کے علاقہ چراہ میں سرچ اینڈ کومنگ آپریشن، 03 ملزمان گرفتار

اسلام آباد پولیس کا تھانہ نیلور کے علاقہ چراہ میں سرچ اینڈ کومنگ آپریشن۔آپریشن کے دوران 03 ملزمان گرفتار، 1450 گرام چرس، کلاشنکوف اور ایمونیشن برآمد۔ایک ملزم پولیس کو اقدام قتل کے مقدمات میں مطلوب تھا۔ ملزمان کے خلاف مقدمہ درج، مزید تفتیش جاری ہے۔تفصیلات کے مطابق آئی جی اسلام آباد محمد احسن یونس کے خصوصی احکامات پر اسلام آباد پولیس نے تھانہ نیلور کے علاقہ چراہ میں سرچ اینڈ کومنگ آپریشن کیا جس میں تھانہ جات کی نفری نے حصہ لیا۔دوران سرچ آپریشن جنگل سے بدنام زمانہ منشیات فروش نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کردی۔ جس پر ڈی آئی جی آپریشنز اویس احمد، ایس پی رورل ضیاء الدین بھاری نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئے۔ پولیس نے بھی جوابی فائرنگ کی اور حفاظتی انتظامات کی بدولت پولیس اہلکار محفوظ رہے۔ سرچ آپریشن کے دوران پولیس نے تین ملزمان راجہ ناصر، علی رضا عرف ڈوڈی (منشیات فروش) اور دلاور کو گرفتار کرکے تھانہ منتقل کردیا جن کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔ ملزم علی رضا عرف ڈوڈی پولیس کو اقدام قتل کے دو مقدمات میں بھی مطلوب تھا۔ پولیس نے ایک کلاشنکوف معہ ایمونیشن اور 1450 گرام چرس بھی برآمد کرلی ہے۔ ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے۔ایس ایس پی آپریشنز محمد فیصل کامران نے بتایا کہ اس سرچ آپریشن کا مقصد علاقہ کوجرائم خصوصا منشیات فروشی جیسے ناسور کا خاتمہ کرنا تھا۔ علاقہ میں امن و امان کو برقرار رکھنےکے لئے مزید سرچ آپریشن بھی کئے جائیں گے اور شرپسند عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

Back to top button