سی ڈی اے ملازمین کیلئے حج 2022 کی قرعہ اندازی کردی گئی
سی ڈی اے مزدور یونین (سی بی اے) کے انتظامیہ کے ساتھ طے شدہ معاہدے کے مطابق سی ڈی اے میں کام کرنے والے ملازمین کے لیے سال 2022کے حج کی قرعہ اندازی کر دی گئی،قرعہ اندازی کے مطابق 48مرد اور 02خواتین حج کی سعادت حاصل کریں گے،حج کی قرعہ اندازی کے لیے تقریب سی ڈی اے چیئرمین آفس میں منعقد ہوئی جس میں سی ڈی اے چیئرمین عامر علی احمد،سی ڈی اے مزدور یونین (سی بی اے) کے جنرل سیکرٹری چوہدری محمد یٰسین،ممبرفنانس رانا شکیل اصغر،ممبر ایڈمنسٹریشن عامر عباس خان،ممبر اسٹیٹ اینڈ پلاننگ نوید الہیٰ،ڈائریکٹر لیبر ریلیشن،ڈائریکٹر پبلک ریلیشن سمیت سی ڈی اے مزدور یونین کے عہدیداران و نمائندگان نے کثیر تعداد میں شرکت کی،اس موقع پر سی ڈی اے مزدور یونین کے جنرل سیکرٹری چوہدری محمد یٰسین نے چیئرمین سی ڈی اے اور بورڈ ممبران کا شکریہ اداکرتے ہوئے کہا کہ رمضان المبارک جیسے مقدس مہینے میں حج کی قرعہ اندازی کاانعقاد پر مبارکباد پیش کرتے ہیں اور چیئرمین سی ڈی اے سے مطالبہ کرتے ہیں کہ اگلے سا ل کے لیے ملازمین کے حج کوٹہ میں اضافہ کیا جائے،اس موقع پرانھوں نے کہا کہ چیئرمین سی ڈی اے اور بورڈ ممبران نے تمام ملازمین کے لیے ایک ایک بنیادی تنخواہ اور الاؤنسز میں اضافہ کر کے مزدوروں کے دل جیت لیے ہیں،سی ڈی اے مزدور یونین مزدوروں کی نمائندہ جماعت ہے اور مزدوروں کے مسائل کے حل کے لیے مذاکرات پر یقین رکھتی ہے اور ہم سمجھتے ہیں کہ موجودہ انتظامیہ سی بی اے کے ساتھ مل کر باقی ماندہ مسائل کو فوری طور پر حل کرے گی،اس موقع پر انھوں نے چیئرمین سی ڈی اے سے مطالبہ کیا کہ ملازمین کی ترقیوں پر فوری عمل درآمد کروایا جائے اور سی ڈی اے مزدور یونین کی ڈیمانڈ کے مطابق ٹائم سکیل پروموشن کی منظوری دی جائے اور اسکے ساتھ ساتھ معاہدے کے مطابق ملازمین کے لیے پلاٹوں کی فوری قرعہ اندازی کی جائے،تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین سی ڈی اے عامر علی احمد نے کہا کہ ادارے کی ترقی میں مزدوروں کا کردار ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے اور ہمیں فخر ہے کہ سی ڈی اے کے ملازمین و افسران دن رات محنت کر کے ادارے کو مزید خوشحال اور مضبوط بنا رہے ہیں جس سے شہریوں میں یقینا سی ڈی اے کی نیک نامی میں اضافہ ہو رہا ہے،انھوں نے سی ڈی اے مزدور یونین سی بی اے کے جنرل سیکرٹری چوہدری محمد یٰسین کے مطالبات کو منظور کرتے ہوئے کہا کہ حج کوٹہ میں 10ملازمین کا اضافہ کر دیا گیا اور اگلے سال انشاء اللہ 60ملازمین حج کی سعادت حاصل کریں گے،انھوں نے کہا کہ میٹروبس پروجیکٹ پر دن رات کام کرنے پر ملازمین کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں اور ان کے لیے سی بی اے کی ڈیمانڈ پر ایک بنیادی تنخواہ بطور اعزازیہ منظور کرتا ہوں،انھوں نے کہا کہ بہت جلد سی ڈی اے بورڈ سے ملازمین کی ترقیوں اور ٹائم سکیل پروموشن کی سمری کو منظور کرواکر ترقیوں اور ٹائم سکیل پروموشن کو یقینی بنایا جائے گا اسی طرح سی بی اے کی ڈیمانڈ کے مطابق ملازمین کے لیے پلاٹوں کی قرعہ اندازی جلد کی جائے گی اور ملازمین کے لیے 200رہائشی فلیٹ دیے جائیں گے تاکہ مہنگائی کے اس دور میں ملازمین کی رہائش کی مشکلات میں کمی آسکے،انھوں نے کہا کہ انتظامیہ اور سی بی اے یونین مل کر مزدوروں کے مسائل کے حل اور ادارے کی ترقی کے لیے کام کریں گے اور سی ڈی اے انتظامیہ سی بی اے کے ساتھ مکمل تعاون کا یقین دلاتی ہے۔