وزیراعظم کی ہدایت پر اورنج لائن میٹرو بس سروس کا ٹرائل رن شروع کردیا گیا
وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف کی ہدایت پر پشاور موڑ تا نیو انٹرنیشنل ائیرپورٹ اورنج لائن میٹرو بس سروس منصوبے پر ٹرائل رن شروع کردیا گیا ہے۔ سی ڈی اے، این ایچ اے، آئی سی ٹی اور دیگر متعلقہ شعبوں کے افسران نے اسلام آباد اورنج لائن میٹرو بس منصوبے کا دورہ کیا اور آزمائشی سفر کا جائزہ لیا۔
آزمائشی سفر میں بسوں کی سپیڈ، اسٹیشنز پر رکنا، مسافروں کا اترنا، چڑھنا سمیت دیگر چیزوں کا جائزہ لیا گیا۔ آزمائشی سفر کا یہ سلسلہ کل بھی جاری رہے گا جسکے بعد وزیراعظم پاکستان اسکا باقاعدہ افتتاح کریں گے۔ تفصیلات کے مطابق اورنج لائن میٹرو بس سروس پر تیس جدید بسیں چلائی جائیں گی جو رش کے اوقات میں ہر پانچ منٹ بعد جبکہ رش کے بغیر والے اوقات میں ہر آٹھ سے دس منٹ بعد چلائی جائیں گی۔ اورنج لائن میٹرو بس منصوبے کے ٹریک کی کل لمبائی 25.6 کلومیٹر ہے اور اس پر سات بس اسٹیشنز اور اسلام آباد ائیرپورٹ کے قریب ایک پلیٹ فارم تعمیر کیا گیا ہے۔ ابتدائی طور پر وزیراعظم پاکستان کی ہدایت کی روشنی میں سی ڈی اے نے پنجاب میٹرو بس اتھارٹی سے پندرہ مالٹائی رنگ کی بسیں حاصل کی ہیں۔ ایک اندازے کے مطابق اس سروس کو پیچس ہزار سے چھبیس ہزار تک مسافر روانہ کی بنیاد پر استعمال کریں گے۔ وزیراعظم پاکستان کی ہدایت پر ماہ رمضان کے دوران مسافروں سے کرایہ وصول نہیں کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ پشاور موڑ تا نیو انٹرنیشنل ائیرپورٹ اورنج لائن بس سروس پر ڈپوز، بس اسٹیشنز اور ٹریکس کی تکمیل کا کام این ایچ اے کررہا ہے جبکہ اس روٹ پر چلائی جانے والی بسوں کا انتظام سی ڈی اے نے کیا ہے۔
اس موقع پر سی کیپٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اس سروس کے آغاز سے اسلام آباد کے شہریوں کو جدید اور معیاری سفری سہولیات کی فراہمی میسر آئے گی۔