بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

احد چیمہ کو چیف کمشنر اسلام آباد یا چیئرمین سی ڈی اے مقرر کئے جانے کا امکان

حکومت کی تبدیلی کے ساتھ دارالحکومت کی انتظامیہ میں نئے چہرے سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں اور ہفتے کے روز ڈپٹی کمشنر اسلام آباد اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو کا تبادلہ کردیا گیا۔

 رپورٹ کے مطابق پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس کے بی پی ایس-19 کے افسر عرفان نواز کو نیا ڈپٹی کمشنر اسلام آباد تعینات کر دیا گیا ہے، عرفان نواز اس سے قبل بلوچستان کی صوبائی حکومت کے ماتحت کام کر رہے تھے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق ڈپٹی کمشنر حمزہ شفقت اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو زاہد خان کی خدمات اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کے سپرد کردی گئی ہیں۔

نوٹیفکیشن کے مطابق اس وقت داخلہ ڈویژن کے تحت تعینات ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری اور پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس کے بی پی ایس-19 کے افسر محمد حمزہ شفقت کو تبدیل کر کے اسٹیبلشمنٹ ڈویژن میں رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

حمزہ شفقت پاکستان مسلم لیگ نواز کی سابقہ ​​حکومت کے دوران بھی منافع بخش عہدوں پر فائز رہے اور کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی میں خدمات انجام دیں، اس کے بعد انہیں ڈپٹی سیکریٹری کے طور پر اسٹیبلشمنٹ ڈویژن میں تبدیل کر دیا گیا جہاں انہوں نے جوائنٹ سیکریٹری کے اختیارات استعمال کیے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف کے سابق قریبی ساتھی احد چیمہ کو چیف کمشنر اسلام آباد یا چیئرمین کیپیٹل ڈیویلپمنٹ اتھارٹی مقرر کیا جا سکتا ہے۔

اس وقت یہ دونوں قلمدان امیر علی احمد کے پاس ہیں جو پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس کے ایک اچھے افسر ہیں اور انہوں نے اپنی زیادہ تر خدمات اسلام آباد میں گزاری ہیں۔

اشتہار
Back to top button