سردار ایاز صادق نے بھی سپیکر قومی اسمبلی کیلئے کاغذات جمع کرا دیئے
مسلم لیگ ن کے رہنما سردار ایاز صادق نے بھی گزشتہ روز اسپیکر قومی اسمبلی کے لیے اپنے کاغذات جمع کروائے تھے۔
قومی اسمبلی کا اجلاس آج 12 بجے ہو گا جس میں اسپیکر کے چناؤ کے بعد ڈپٹی اسپیکر کے خلاف تحریک عدم اعتماد پر خفیہ ووٹنگ ہونا تھی تاہم اب چونکہ قاسم سوری اپنے عہدے سے استعفیٰ دے چکے ہیں تو اسپیکر کے حلف لینے کے بعد ڈپٹی اسپیکر کے لیے امیدوار کاغذات نامزدگی حاصل کریں گے۔
گزشتہ روز اطلاعات سامنے آئی تھیں کہ اسپیکر قومی اسمبلی کے لیے مقررہ وقت تک صرف راجہ پرویز اشرف نے ہی کاغذات نامزدگی جمع کروائے ہیں اس لیے امکان ہے کہ وہی بلا مقابلہ اسپیکر قومی اسمبلی منتخب ہو جائیں گے۔
تاہم اسمبلی ذرائع کا بتانا ہے کہ سردار ایاز صادق نے بھی گزشتہ روز کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا وقت ختم ہونے سے دو منٹ پہلے اپنے کاغذات جمع کرائے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ حکومتی حکمت عملی کا حصہ ہے، ایاز صادق اپنے کاغذات واپس لیں گے، ایاز صادق کے کاغذات نامزدگی احتیاطاً متبادل امیدوار کے طور پر جمع کروائے گئے تھے۔
ذرائع ن لیگ کے مطابق ایاز صادق کی جانب سے کاغذات واپس لینے پر راجہ پرویز اشرف بلا مقابلہ اسپیکر قومی اسمبلی منتخب ہو جائیں گے۔