بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

عامر لیاقت کے وزیراعظم عمران خان پر سنگین نوعیت کے الزامات

حال ہی میں پاکستان تحریک انصاف کو چھوڑنے والے اور سابق رکن قومی اسمبلی  عامر لیاقت نے وزیر اعظم عمران خان سے متعلق تہلکہ خیز انکشافات کیے ہیں۔

سوشل میڈیا پر عامر لیاقت نے ایک ویڈیو پیغام جاری کیا ہے جس میں انہوں نے وزیراعظم  عمران خان پر تنقید کی اور سنگین الزامات لگائے۔

ویڈیو پیغام میں عامر لیاقت نے اپنی بات پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ’ خان صاحب میں آپ کو یہ بتانا چاہتا ہوں کہ ہم میں سے کوئی بھی غدار نہیں ہے، آپ نے اراکین قومی اسمبلی کو غدار قرار دیا ہے، آپ نے مجھے غدار کہا جب کہ میں تو دل کی تکلیف کے باعث عدم اعتماد کی ووٹنگ والے دن وہاں موجود نہیں تھا کیوں کہ میں اسپتال میں تھا، اور جب میں اسمبلی پہنچا تو وہاں دروازے بند ہوچکے تھے لہٰذا میں نے تو ووٹ دیا ہی نہیں ‘۔

عامر لیاقت نے اپنے پیغام میں عمران خان کو ’ غدار ‘کہتے ہوئے واضح کیا کہ ’وہ اب عمران خان کے خلاف ووٹ دیں گے، میں اب ان کے ساتھ ہوں جو غدار نہیں ہیں‘۔

تحریک انصاف کے سابق رہنما نے اپنے پیغام میں عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ’تم نے جنرل باجوہ کو ہٹانے کی کوشش کی ، میں گواہی دیتا ہوں کہ آپ نے مجھے اکیلے میں بلا کر کہا کہ میں جنرل باجوہ کو ہٹانے والا ہوں، بہت بڑی بات کہہ رہاہوں اور بھی بہت کچھ جانتا ہوں ہے جو اگر میں نے بتادیا تو قیامت آجائے گی‘۔

عامر لیاقت نے وزیراعظم کو موصول مبینہ دھمکی آمیز خط پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ’میں چپ بیٹھا ہوا ہوں کیوں کہ تمہاری طرح نہیں ہو جو ٹیلی ویژن پر آکر راز کھولتا پھروں ،ٹیلی ویژن پر جعلی خط لہراؤں، وہ خط جعلی ہے جو کہ اسد عمر سے لکھوایا گیا اور اس عمل میں شاہ محمود قریشی بھی شامل تھے‘۔

عامر لیاقت نے اپنے پیغام میں عمران خان کو خاموش رہنے کی تنبیہ کرتے ہوئے کہا کہ ‘آپ نے فوج میں بغاوت کرنے کی کوشش کی، آپ نے ایک کور کمانڈر کو  سامنے لاکر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کو ہٹانے کی کوشش کی لیکن تمہارا باپ بھی جنرل باجوہ کو نہیں ہٹا سکتا‘۔

عامر لیاقت نے اپنے پیغام میں صدر عارف علوی کو ڈینٹسٹ کہتے ہوئے ان پر بھی تنقید کی اور کہا کہ ’عمران خان عارف علوی کو کہو کہ الٹے سیدھے احکامات جاری کرنا چھوڑدے‘۔

عامر لیاقت نے اپنے پیغام میں آصف زرداری کو ’ بیداری ‘ کہہ کر ان کی تعریف کی اور ساتھ یہ بھی کہا کہ یہ مت کہنا کہ میں ان کے ساتھ ملا ہوا ہوں۔

اشتہار
Back to top button