پاکستان نے آسڑیلیا کو تیسرے ون ڈے میں شکست دیکر سیریز جیت لی
ون ڈے سیریز کے تیسرے اور فیصلہ کن میچ میں پاکستان نے 9 وکٹوں سے شکست دے کر 20 سال بعد آسٹریلیا سے سیریز جیت لی۔
لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان کے کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔
آسٹریلیا کی ٹیم پہلے کھیلتے ہوئے 42 ویں اوورز میں 210 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی، جواب میں پاکستان نے 211 رنز کا ہدف ایک وکٹ کے نقصان پر 38 ویں اوورز میں پورا کرلیا۔
آسٹریلیا کی ٹیم میچ کے آغاز میں ہی مشکلات کا شکار نظر آئی، فاسٹ بولر شاہین آفریدی نے پہلے اوور میں ٹریوس ہیڈ کی وکٹ حاصل کی جب کہ دوسرے اوور میں جارحانہ بلے باز اور کپتان ایرون فنچ کو حارث رؤف نے آؤٹ کیا۔
ان کے بعد مارنس لبوسخانے بھی 6 کے مجموعی اسکور پر حارث رؤف کاشکار بن گئے، مہمان ٹیم کی جانب سے ایلکس کیری نے 56 اور کیمرون گرین نے 34 رنز کی اننگز کھیلی، ان کے علاوہ کوئی آسٹریلوی بلے باز وکٹ پر زیادہ دیر نہ رک سکا تاہم 166 رنز پر 9 وکٹیں گرنے کے بعد سین ایبٹ وکٹ پر جم گئے اور ٹیم کا اسکور 210 رنز تک پہنچا دیا، وہ 49 رنز بنا کر آوٹ ہوئے۔
پاکستان کی جانب سے حارث رؤف نے 3، محمد وسیم نے 3، شاہین نے 2 اور زاہد محمود اور افتخار نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
قومی ٹیم نے 211 رنز کا ہدف 37.5 اوورز میں حاصل کرلیا، واحد آؤٹ ہونے والے کھلاڑی فخر زمان تھے جنہوں نے 17 بنائے۔
کپتان بابراعظم نے 105 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھلی اور امام الحق 89 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
بابراعظم کو شاندار بیٹنگ پر مین آف دی میچ کا ایوارڈ ملا اور انہیں مین آف دی سیریز کا ایوارڈ بھی دیا گیا۔