عوام مہنگائی کا عذاب نازل کرنے والوں کو آخری دھکا دیں،شہباز شریف
مسلم لیگ (ن)کے صدر اور اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے عوام سے گھروں سے باہر نکلنے کی اپیل کردی۔
ایک بیان میں شہباز شریف نے کہا کہ قائد نوازشریف کی کال پر سب اپنے گھروں سے نکلیں، عوام مہنگائی کا عذاب نازل کرنے والوں کو آخری دھکا دیں۔
انہوں نے کہا کہ مریم نواز، حمزہ شہبازکے ساتھ نکلو اورظالم حکومت سے نجات حاصل کرو ، مہنگائی مکاؤ مارچ عوام کو ہر روز کی مہنگائی سے نجات دلائے گا، عوام جان لیں، ان کا حق موجودہ کرپٹ نالائق حکمران کھاگیا۔
اپوزیشن لیڈر کا کہنا تھا کہ عوام نہ نکلے تو نالائق حکمران پورا پاکستان کھا جائے گا، عوام نکل کر ثابت کردیں جھوٹے حکمرانوں کی چالاکیاں اب نہیں چلیں گی، مہنگائی سچ ہے، کرپشن ایک سچ ہے اور نالائقی ایک سچ ہے، جھوٹ پہ جھوٹ بولنے والا اب نئے جھوٹ بول رہاہے، عوام مسترد کریں۔
انہوں نے مزید کہا کہ کرپٹ حکمران اپنی ڈوبتی سیاست کے لیے عوام کوگمراہ کررہاہے، اس کے جھوٹ کے خلاف عوام گھروں سے نکلیں، یاد رکھیں کرپشن سے آپ اور آپ کے بچے غریب ہورہے ہیں، مہنگائی سے آپ کی زندگی اس حکومت نے حرام کی ہے، ہم سب مل کر اس ظالم، آٹا، چینی، بجلی ،گیس،دوائی،کھادچ ور حکومت سے پاکستان کو نجات دلائیں گے۔