پاک ملائشیا انٹرنیشنل وومین بیس بال سیریز کے لیئے ملائیشین وومین ٹیم پاکستان پہنچ گئی

ملائیشیا کی خواتین بیس بال ٹیم ملائیشیا اور پاکستان کے مابین لاہور میں شیڈول انٹرنیشنل ویمن بیس بال سیریز میں شرکت کے لیے پاکستان پہنچ گئی۔ پاکستان فیڈریشن بیس بال کے صدر سید فخر علی شاہ کے مطابق ملائیشیا کی خواتین کی بیس بال ٹیم کا 17 رکنی دستے کو اسلام آباد ایئرپورٹ پر پاکستان فیڈریشن بیس بال کے عہدیداران بشمول خزانچی و اسلام آباد بیس بال ایسوسی ایشن کے صدر طاہر محمود، پاکستان ٹیم کے کوچ عارف شہزاد، خاور شاہ بیس بال اکیڈمی راولپنڈی کے چیئرمین زاہد اعوان اور ملائیشین ہائی کمیشن کے آفیسر مسٹر ڈیڈی فیصل احمد صالح نے استقبال کیا۔

ملائیشین بیس بال فیڈریشن کے صدر سجلی بن حسین بھی ٹیم کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ سیریز دونوں ممالک کے درمیان اچھے تعلقات کو مزید فروغ دے گی اور دونوں ممالک میں خواتین کی بیس بال کی ترقی اور فروغ میں بہت مدد دے گی۔ ملائیشین ٹیم پاکستانی حکام کے ہمراہ اسلام آباد ایئرپورٹ سے موٹروے کے ذریعے بعد ازاں لاہور پہنچ گئی۔ سید فخر علی شاہ کے مطابق بحریہ ٹاؤن لاہور میں سیریز کے تینوں میچ کھیلے جائیں گے۔ پہلا میچ 27 مارچ، دوسرا 28 مارچ اور تیسرا 29 مارچ کو کھیلا جائے گا۔ورلڈ بیس بال سافٹ بال کنفیڈریشن (ڈبلیو بی ایس سی) نے سیریز کی باضابطہ منظوری دے دی ہے اور اب دونوں ٹیموں کو سیریز کے لیے عالمی رینکنگ پوائنٹس دیے جائیں گے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ خواتین کی اس سیریز کے کامیاب اور محفوظ انعقاد سے نہ صرف پاکستان کا ایک سافٹ امیج دنیا کے سامنے آئے گا بلکہ دنیا کو یہ بھی پتہ چلے گا کہ پاکستان کھیلوں کے لیے ایک محفوظ ملک ہے۔

Exit mobile version