بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

پیر کے روز کوئی غیر آئینی عمل دہرایا تو دما دم مست قلندر ہوگا،شہباز شریف

 قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے اسپیکر قومی اسمبلی کو خبردار کیا ہے کہ اگر پیر کے روز کوئی غیر آئینی عمل دہرایا تو پھر ہر حربہ استعمال  کریں گے اور دما دم مست قلندر ہوگا جب کہ بلاول بھٹو کا کہنا ہےکہ اسمبلی کے آئندہ سیشن میں عمران خان سابق وزیراعظم ہوجائیں گے۔

پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ اسپیکر نے آج پھر پی ٹی آئی کے ورکر کی طرح قانون اور روایات کو پاؤں تلے روند دیا، 8 مارچ کو قرارداد جمع کرائی گئی جس کےبعد 14 دن میں اسپیکر اجلاس بلانے کا پابند تھا، 22 تاریخ کو تاریخ ختم  ہونا تھی، او آئی سی کا اجلاس 22 اور 23 کو تھا،  ہم نے ڈنکے کی چوٹ پر کہا کہ ان دنوں میں لانگ مارچ کریں گے نہ احتجاج، وہ ہمارے مہمان ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اسپیکر کو  کیا مشکل تھی وہ 21 مارچ سے پہلے اجلاس بلا سکتے تھے،  یہ قانونی معاملہ تھا لیکن اسپیکر  نے عمران نیازی سے مل کر سازش کی، وہ آرٹیکل 6 کے مرتکب ہوئے ہیں۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ میں فاتحہ خوانی کے بعد پوائنٹ آف آرڈر پر کھڑا ہوا، بات تو دور کی بات، اسپیکر نے دیکھنا  بھی گوارہ نہ کیا، وہ اٹھ کر چلے گئے، اسپیکر کا یہ کردارتاریخ میں سیاہ الفاظ میں قائم رہے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ممبران کی فاتحہ روایت ہے لیکن قانون اور آئین روایت سے بالاتر  ہے،  آج بہت اہم موضوع تھا، عدم  اعتماد پر ووٹنگ ہونا تھا،روایات اپنی جگہ لیکن قانون کی پابندی کرتے ہوئے تحریک کو ٹیک اپ کرتے اور ووٹنگ کراتے،  انہوں  نے ہماری ایک نہ سنی، اسپیکر نے پاکستان کی تاریخ میں ایک ایسا گھناؤنا کردار  ادا کیا جس کو پوری قوم ہمیشہ برے الفاظ میں یاد رکھے گی۔

مزید پڑھیے  وزیراعظم  شہباز شریف نے ایاز صادق کو وزارت قانون و انصاف کا قلمدان سونپ دیا

اپوزیشن لیڈر کا کہنا تھا کہ پاکستان تاریخ  کےاہم موڑ پر ہے، قوم کی نظر پارلیمان پر لگی ہے  مگر آپ دھاندلی دھونس کے ذریعے آئین کو مجروح کریں اور اپنی من مانی کریں اس کی اجازت  نہیں دی جاسکتی، اب  پیر کے روز اجلا س دوبارہ بلایا  ہے، ڈنکے کی چوٹ پر کہتے ہیں اسپیکر  نے پھر ایسا عمل کیا جو غیر آئینی ہوا تو ہم ہر آئینی قانون  و سیاسی حربہ استعمال  کریں گے تاکہ عدم اعتماد  کی حرمت کو برقرار رکھیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ اسد قیصر  عمران نیازی کے اسٹوج ہیں، وارننگ دیتا ہوں پیر کے روز اس طرح کی حرکت کی تو ہم سے کوئی نہ پوچھے۔

 

Back to top button