محکمہ سپورٹس اینڈ یوتھ افیئرز پنجاب کے زیراہتمام تاریخ کا سب سے بڑا چیس ٹورنامنٹ 12مارچ بروز ہفتہ کو ہوگا۔
پنجاب مائنڈ سپورٹس ماسٹرز 2022ء اور سکریبل چیمپئن شپ نشتر پارک سپورٹس کمپلیکس میں ہونگی۔
صوبائی وزیر کھیل وامور نوجوانان رائے تیمور خان بھٹی نے جمعة المبارک کو اپنے بیان میں کہا ہے کہ پنجاب مائنڈ ماسٹرز اور سکریبل چیمپئن شپ کے انعقاد سے نوجوانوں کی صلاحیتیں سامنے آئیں گی۔
انہوں نے مزید کہا ہے کہ اس ایونٹ میں 600 سے زائد مرد و خواتین کھلاڑی حصہ لیں گے۔ پنجاب مائنڈ سپورٹس ماسٹرز میں مرد و خواتین اوپن اور انڈر 15کیٹیگریز میں مقابلے ہونگے، کامیاب ہونیوالے کھلاڑیوں کو لاکھوں روپے کے انعامات دیں گے۔
ملکی تاریخ میں پہلی بار ذہنی سپورٹس کا اتنا بڑا ایونٹ منعقد کیا جارہا ہے جس کا مقصد نوجوانوں کو صحتمندانہ سرگرمیوں میں حصہ لینے کے مواقع فراہم کرنا ہے۔ چیس اور سکریبل کے عالمی مقابلے منعقد ہوتے ہیں، اس ایونٹ سے کھلاڑیوں کو آگے بڑھنے کے مواقع ملیں گے، نوجوان جوش وخروش سے اس میں حصہ لے رہے ہیں۔