حسن علی کا انگلش کاؤنٹی لنکاشائر کے ساتھ معاہدہ

پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر حسن علی کا انگلش کاؤنٹی لنکاشائر کے ساتھ معاہدہ ہوگیا۔

رپورٹس کے مطابق لنکا شائر نے حسن علی کے ساتھ کاؤنٹی سیزن کے پہلے 6 میچز کھیلنے کا معاہدہ کیا ہے جس کے لیے دائیں ہاتھ کے فاسٹ بولر یکم اپریل کو انگلینڈ پہنچیں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ حسن علی لنکا شائر کی جانب سے ڈیبیو میچ 14 اپریل کو کینٹ کاؤنٹی کے خلاف کینٹربیری میں کھیلیں گے جبکہ وہ لنکاشائر کو 19 مئی تک دستیاب ہوں گے۔ 

انگلش کاؤنٹی کے ساتھ معاہدے کے بعد حسن علی کا کہنا ہے کہ ‘مجھے خوشی ہے کہ کیریئر میں پہلی مرتبہ انگلینڈ میں کاؤنٹی کرکٹ کھیلوں گا’۔

اس کے علاوہ ان کا کہنا تھا کہ مجھے اس بات کی بھی خوشی ہے کہ لیجنڈ وسیم اکرم بھی لنکا شائر کی جانب سے کھیل چکے ہیں تاہم اب میں بھی ان کے  نقش قدم پر چلنے کی کوشش کرونگا۔

دوسری جانب  لنکا شائر کے ہیڈ کوچ گلین چیپل کا کہنا ہے کہ خوشی ہے کہ حسن علی کو پہلے 6 میچز کے لیے سائن کیا ہے۔ 

انہوں نے کہا کہ  بہت سوچ بچار کے بعد فیصلہ کیا کہ حسن علی ہماری ٹیم کے لیے فائدہ مند ثابت ہوسکتے ہیں، وہ ریڈ بال کرکٹ کے بہترین بولر ہیں اور فرسٹ کلاس میں بھی کافی بہترین پرفارمنس دے چکے ہیں۔

  گلین چیپل نے مزید کہا کہ امید ہے حسن علی کے لنکا شائر میں ہونے سے بولنگ اٹیک مزید بہتر ہوجائے گا۔

Exit mobile version