سابق چیف جسٹس آزادکشمیر ہائیکورٹ اور نامور سیاستدان عبدالمجید ملک منگل کو میر پور میں انتقال کر گئے۔ وہ کئی دنوں سے کرونا کے باعث شدید علیل تھے۔ اور میرپور میں ہی زیر علاج رہے۔
شیدِ ملت کے ایچ خورشید کے دست راست، سابق چیف جسٹس آزاد کشمیر، سابق صدر جموں و کشمیر لبریشن لیگ، تحریک آزادی کشمیر کا ایک روشن چمکتا ستارہ تھے۔ انکی پوری زندگی کے-ایچ خورشید کے نظریات و افکار پر کاربند اور کشمیر کاز کے لیے جدوجہد سے عبارت ہے۔
بطور چیف جسٹس ہائی کورٹ مرحوم نے کئی تاریخی فیصلے کئے تھے جن میں 1993 میں کیاجانے والا گلگت بلتستان کے بارے یہ فیصلہ بھی شامل تھا جس میں انہوں نے گلگت بلتستان کو متحدہ ریاست جموں کشمیر کا تاریخی اور قانونی حصہ قرار دیا تھا جو قانون اور سیاسی تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
انہوں نے سوگواروں میں دو بیٹے شوکت مجید ملک اور ذوالفقار ملک کوچھوڑا ہے۔
مرحوم کی نمازجنازہ سہ پہر تین بجے میرپور سٹیڈیم میں اد ا کی جائیگی۔
جسٹس (ر )عبدالمجید ملک کے انتقال پر صدر آزادکشمیر بیرسٹر سلطان محمود، وزیراعظم سردار عبدالقیوم نیازی ، چیف جسٹس آزادکشمیر جسٹس راجہ سعید اکرم خان و دیگرنے اظہار تعزیت کیا ہے۔
مرحوم کے سوگ میں بدھ کو عدالت عالیہ میرپور میں مقدمات کی سماعت نہیں ہوگی