صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے ملک میں جدید تحقیق اور آن لائن تعلیم کے طریقہ کار کو فروغ دینے کے لئے تعلیم کے شعبے میں انقلابی تبدیلی کو ناگزیر قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ جدید دور کے چیلنجوں سے نمٹنے کے لئے ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز بالخصوص مصنوعی ذہانت، سائبر سیکیورٹی، ڈیٹا اینالیٹکس، کلاڈ کمپیوٹنگ، روبوٹکس اور آٹومیشن کے میدان میں قوم کو تیار کرنے کی ضرورت ہے۔ صدر مملکت نے ان خیالات کا اظہار جمعہ کو یہاں ایوان صدر میں نیشنل یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی (نسٹ)اسلام آباد کے بارے میں بریفنگ اجلاس کے دوران کیا۔
ریکٹر نسٹ لیفٹیننٹ جنرل (ر) انجینئر جاوید محمود بخاری نے صدر مملکت کو سائنس اور انجینئرنگ کی معیاری تعلیم فراہم کرنے میں یونیورسٹی کے کردار سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ نسٹ نے پاکستان میں اپنی نوعیت کی پہلے بین المضامین تحقیقی مرکز قائم کیا ہے تاکہ محققین کی اگلی نسل کو اس کی مہارت سے آراستہ کیا جا سکے اور نئی معلومات اور ٹیکنالوجیز تخلیق کی جا سکیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ نسٹ ایک کثیر الشعبہ یونیورسٹی میں تبدیل ہو چکی ہے اور مختلف شعبوں جیسے کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی، سوشل سائنسز و ہیومینٹیز اور آرٹس، ڈیزائن و آرکیٹیکچر میں تعلیم فراہم کر رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ یونیورسٹی نے اپنے دو پروگرامز "ایم ایس انجینئرنگ مینجمنٹ اور ایم ایس پیس اینڈ کانفلیکٹ اسٹڈیز” آن لائن تعلیم کے ذریعے پیش کرنے کا منصوبہ بنایا ہے۔ مزید بتایا گیا کہ یونیورسٹی سائبر سیکیورٹی، ڈیٹا اینالیٹکس، کلاڈ کمپیوٹنگ، آرٹیفیشل انٹیلی جنس، فنانس، مینجمنٹ اور مارکیٹنگ میں فلیگ شپ کورسز اور تربیت فراہم کرکے ملک کی پیشہ ورانہ ضروریات کو پورا کررہی ہے۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صدر نے کہا کہ مارکیٹ کی بڑھتی ہوئی طلب کو پورا کرنے کے لئے گریجویٹس کی تعداد میں اضافے کیلئے آن لائن تعلیم کے طریقہ کار کو فروغ دینا اور اس کی حوصلہ افزائی کرنا ناگزیر ہے۔ انہوں نے یونیورسٹیوں پر زور دیا کہ وہ خاص طور پر آئی ٹی کے شعبے میں طلبا کی مہارت کو فروغ دینے پر توجہ دیں تاکہ عالمی مارکیٹ میں آئی ٹی پروفیشنلز کی بڑھتی ہوئی مانگ کو پورا کرنے کے ساتھ ساتھ ملکی برآمدات کو بھی بڑھایا جا سکے۔ انہوں نے نسٹ میں نیشنل سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پارک کے قیام کو سراہتے ہوئے کہا کہ ملک کے آئی ٹی سیکٹر میں ہائی ٹیک کمپنیوں کی جانب سے غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنے کے ساتھ ساتھ جدت کو فروغ دینے کے لئے اس طرح کے منصوبوں کو اختیار کرنے کی ضرورت ہے۔ صدر مملکت نے آئی ٹی اور انجینئرنگ کے مختلف شعبوں میں سائنس کی تعلیم کے معیار کو بہتر بنانے کے لئے یونیورسٹی کی انتظامیہ کی کوششوں کو سراہا۔