بسم اللہ الرحمن الرحیم

کھیل

پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان ناک آئوٹ

پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان کو ان کے پرانے حریف اور برطانوی باکسر کیل بروک نے شکست دے دی ہے۔

سنیچر کی رات انگلینڈ کے شہر مانچسٹر میں ہونے والی ویلٹر ویٹ فائیٹ میں کیل بروک نے عامر خان کو چھٹے ہی راؤنڈ میں ناک آؤٹ کر دیا۔

12 راؤنڈز پر مشتمل یہ فائیٹ چھٹے ہی راؤنڈ میں اس وقت ختم ہو گئی جب عامر خان اپنا دفاع کرنے میں مسلسل ناکام رہے اور ریفری وکٹر لوگلین نے آگے بڑھ کر فائیٹ ختم ہونے کا اشارہ کیا۔

واضح رہے کہ دونوں باکسرز کے درمیان طویل تاخیر کے بعد ہونے والے اس مقابلے پر دنیا بھر سے شائقین کی نظریں جمی تھیں۔ اس فائٹ کے ٹکٹ 10 جنوری کو فروخت کے لیے پیش کیے گئے تھے اور صرف چند منٹ میں ہی ہزاروں ٹکٹ فروخت ہو گئے تھے۔

اس سے قبل جمعے کے روز مانچسٹر میں ایک پریس کانفرنس کے دوران عامر خان نے کہا تھا کہ وہ کیل بروک کو ہار کا مزا چکھائیں گے۔

عامر خان نے یہ بھی کہا تھا کہ ’میں نے اپنے ذہن میں شکست ڈالی ہی نہیں کیوںکہ میں نے صرف جیتنا ہے۔‘

انھوں نے یہ بھی کہا تھا کہ اگر وہ فائٹ ہار بھی گئے تو ان کا باکسنگ سے ریٹائرمنٹ کا کوئی ارادہ نہیں لیکن شکست کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے عامر خان نے کہا کہ وہ اس بارے میں بہت غمزدہ ہیں۔

’40 فائیٹس بہت زیادہ ہوتی ہیں، دو ورلڈ ٹائٹل جیتنا، امریکہ جانا۔ مجھے اپنے خاندان کے ساتھ بیٹھنے کی ضرورت ہے لیکن میرے خیال میں میرا کرئیر اب اختتام کی طرف ہے۔‘

عامر نے یہ بھی کہا کہ ان کی کھیل سے محبت اب ’پہلے جیسی نہیں رہی۔ پہلے جب میں رنگ میں ہوتا تھا تو مجھ میں بہت جوش ہوتا تھا لیکن اب ایسا نہیں۔ شاید یہ ایک اشارہ ہے۔‘

کیل بروک کے ساتھ فائیٹ کے بارے میں بات کرتے ہوئے عامر نے کہا کہ ’میں نے وہ تمام ٹریننگ کی جس کی ہمیں ضرورت ہوتی ہے لیکن میں فائیٹ جاری نہیں رکھ سکا۔‘

کیل کی پرفارمنس کے بارے میں بات کرتے ہوئے عامر نے کہا کہ ’ کیل کی پرفارمنس بہترین تھی اور آج کی رات وہ بہترین آدمی تھے۔ انھوں نے ’اے‘ پرفارمنس کا مظاہرہ کیا اور ان کے لیے بہت زیادہ احترام۔‘

دوسری جانب عامر خان کو شکست دینے کے بعد کیل بروک نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’میں جانتا تھا کہ یہ ہونے والا ہے۔‘

کیل بروک نے کہا کہ ’میں نے خود کو بہت پریشر میں رکھا لیکن 18 برس کی عمر سے میں یہ جانتا تھا کہ میں عامر سے بہتر باکسر ہوں۔ اور آج کی رات فینز نے ایک بڑی فائیٹ دیکھی اور میں نے اس کا سامنا کیا۔‘

انھوں نے یہ بھی کہا کہ ’اب میں عامر خان کے ساتھ اپنے ریکارڈ کے بارے میں پر سکون ہوں۔‘

یاد رہے کہ 35 برس کے عامر خان اور کیل بروک دونوں نے 17 برس کی عمر میں سنہ 2004 میں باکسنگ رنگ میں ایک ساتھ قدم رکھا تھا۔

یہ عامر خان کا چالیسواں پروفیشنل مقابلہ تھا اور اس سے قبل وہ 35 مقابلوں میں کامیاب جبکہ صرف چار میں ناکام رہے جبکہ انھوں نے 21 مقابلوں میں اپنے حریفوں کو ناک آؤٹ کیا۔ عامر خان کے پاس کامن ویلتھ لائٹ ویٹ چیمپیئن ہونے کے ساتھ ساتھ ڈبلیو بی اے کا لائٹ ویلٹر ویٹ ٹائٹل بھی ہے۔

دوسری جانب کیل بروک کی یہ چالیسویں فتح تھی اور وہ اب تک صرف تین مقابلے ہارے ہیں جبکہ انھوں نے 27 مرتبہ ناک آؤٹ کی بنیاد پر کامیابی حاصل کی۔

اشتہار
Back to top button