بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

خیبر پختونخوا میں بلدیاتی الیکشن کا دوسرا مرحلہ مؤخر کرنےکی درخواست مسترد

الیکشن کمیشن نے خیبر پختونخوا (کے پی) میں بلدیاتی الیکشن کا دوسرا مرحلہ مؤخر کرنےکی درخواست مسترد کر دی۔

کے پی میں بلدیاتی انتخابات کا دوسرا مرحلہ مؤخرکرنےکی درخواست پر الیکشن کمیشن نے سماعت کے بعد فیصلہ محفوظ کردیا تھا، آج چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے محفوظ فیصلہ پڑھ کر سنایا۔

چیف الیکشن کمشنر کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کی ہدایت کے مطابق سب فریقین کو سنا،الیکشن اعلان شدہ شیڈول کے مطابق ہی ہوں گے۔

خیال رہےکہ خیبرپختونخوا میں دوسرے مرحلےکے بلدیاتی انتخابات 31 مارچ کو ہوں گے۔

واضح رہےکہ اس سے قبل پشاور ہائی کورٹ ایبٹ آباد بینچ نےکے پی حکومت کی درخواست پر اپنے فیصلے میں کہا تھا کہ مارچ میں پہاڑی علاقوں میں سردی اور برفباری کے سبب انتخابات ہونا ممکن نہیں لگتا، لہٰذا پہاڑی علاقوں میں بلدیاتی انتخابات کا دوسرا مرحلہ رمضان کے بعد کرانےکا شیڈول دے۔

اس فیصلےکے خلاف الیکشن کمیشن نے سپریم کورٹ سے رجوع کیا تھا جس پر عدالت عظمیٰ نے الیکشن کمیشن کو نئے شیڈول پر انتخابات روکنے سے متعلق خیبرپختونخوا حکومت کی استدعا مسترد کرتے ہوئےکے پی بلدیاتی انتخابات کا دوسرا مرحلہ مؤخرکرنے کی اپیل نمٹادی تھی اورکہا تھا کہ  انتخابی شیڈول کا اجراء اور انتخابات کروانا الیکشن کمیشن کا کام ہے۔

اشتہار
Back to top button