مشکل کیچ لیتے ہوئے آسٹریلیا کے اسٹیو  اسمتھ سر کے بَل گِر کر بیہوش

سری لنکا کے خلاف دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں مشکل کیچ لیتے ہوئے آسٹریلیا کے اسٹیو  اسمتھ سر کے بَل گِر کر بیہوش ہو گئے۔

سری لنکا کے خلاف سڈنی کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے گئے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ کے سپر اوور میں مہیش تھکشنا نے اسٹوئنس کی تیسری گیند پر زوردار ہٹ لگائی تو ڈیپ مڈ وکٹ پر فیلڈنگ کرتے اسٹیو اسمتھ نے باؤنڈری سے باہر جاتی گیند کو ہوا میں اچھل کر کیچ کرنے کی کوشش کی۔

اسٹیو اسمتھ کیچ پکڑنے میں تو ناکام رہے لیکن انہوں نے اس دوران گیند کو باؤنڈری کے اندر پھینک دیا اور یقینی چھکا بچا لیا تاہم اس کوشش کے دوران وہ خود پر قابو نہ پا سکے اور باؤنڈری سے باہر سر کے بل گر کر کنکشن (سر چکرا کر بیہوش) کا شکار ہو گئے۔

اسٹیو اسمتھ انجری کا شکار ہو کر سری لنکا کے خلاف 5 ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز سے باہر ہو چکے ہیں اور حکام کو ان کے دورہ پاکستان کے حوالے سے فکر لاحق ہو گئی ہے۔

یاد رہے کہ اسمتھ دورہ پاکستان کے لیے ٹیسٹ اسکواڈ میں شامل ہیں اور آسٹریلین ٹیم نے 27 فروری کو پاکستان کے دورے پر پہنچنا ہے۔

تاہم کرکٹ آسٹریلیا کے حکام پُرامید ہیں کہ اسمتھ ایک ہفتے میں مکمل فٹ ہو جائیں گے اور اس حوالے سے حکام کا کہنا ہے کہ اسٹیو اسمتھ میں کنکشن کی ہسٹری پائی جاتی ہے اس لیے فکر اور احتیاط زیادہ کی جا رہی ہے۔

دوسری جانب اسٹیو اسمتھ نے خیریت دریافت کرنے پر سب کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اپنا سر اب پہلے سے بہتر محسوس کر رہا ہوں۔

Exit mobile version