پی ایس ایل7،گلیڈی ایٹر سرفراز اور عمراکمل نے اسلام آباد کا قلعہ مسمار کر ڈالا

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 18ویں میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے کپتان سرفراز احمد کی ناقابل شکست نصف سنچری کی مدد سے اسلام آباد یونائیٹڈ کو آخری اوور میں 5 وکٹوں سے شکست دے دی۔

قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے پی ایس ایل کے 18 ویں میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے باؤلنگ کا فیصلہ کیا۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے الیکس ہیلز اور رحمٰن اللہ گرباز نے اننگز کا آغاز کیا اور شراکت میں 48 رنز بنائے۔

رحمٰن اللہ گرباز 19 رنز بنا کر آؤٹ ہونے والے پہلے بلے باز تھے، نسیم شاہ نےان کی وکٹیں بکھیر دیں۔

کپتان شاداب خان دوسرے نمبر پر بیٹنگ کے لیے آئے تاہم بڑی اننگز نہیں کھیل سکے لیکن ٹیم کی سنچری مکمل کرنے تک ہیلز کا ساتھ دیا اور شاہد آفریدی نے ان کی 12 رنز کی اننگز کا خاتمہ کردیا۔

الیکس ہیلز نے اس دوران اپنی نصف سنچری مکمل کی۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کا اسکور جب 102 رنز تھا تو الیکس ہیلز 38 گیندوں پر 4 چوکوں اور 4 چھکوں کی مدد سے 62 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔

گلیڈی ایٹرز کے تجربہ کار آل راؤنڈر شاہد آفریدی نے دو وکٹیں حاصل کرکے یونائیٹڈ کو مشکل میں ڈال دیا، 102 کے اسکور پر محمد اخلاق کو ایل بی ڈبلیو کیا۔

شاہد آفریدی نے 102 کے ہی اسکور پر اعظم خان کو رن آؤٹ کردیا۔

جارح مزاج بلے باز آصف علی ایک مرتبہ پھر ناکام ہوئے اور 6 رنز بنا کر اپنا پہلا میچ کھیلنے والے نوراحمد کی وکٹ بن گئے۔

فہیم اشرف اور لیام ڈاؤسن نے ایک مشکل وقت میں یونائیٹڈ کی کشتی بھنور سے نکال کر مستحکم پوزیشن پر کھڑا کردیا۔

دونوں بلے بازوں نے بہترین شراکت قائم کرتے ہوئے اسکور 187 رنز تک پہنچادیا۔

فہیم اشرف نے اس دوران جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے اپنی نصف سنچری مکمل کی۔

فہیم اشرف 28 گیندوں پر 5 چوکوں اور 4 چھکوں کی مدد سے 55 رنز بنا کر آخری اوور میں فلکنر کی گیند پر آؤٹ ہوئے تاہم ٹیم کا اسکور 187 رنز تک پہنچا تھا۔

ڈاؤسن 18 گیندوں پر صرف 13 رنز بنا کر جیمز فلکنر کی وکٹ بنے۔

حسن علی صفر جبکہ محمد وسیم نے دو گیندوں پر مسلسل دو چھکے لگائے اور 12 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ نے مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں پر 199 رنز بنا لیے ہیں۔

گلیڈی ایٹرز نے مشکل ہدف کا تعاقب جارحانہ انداز میں کیا اور پہلی وکٹ کی شراکت میں 8 اوورز میں 88 رنز جوڑے۔

گلیڈی ایٹرز نے مقررہ ہدف آخری اوور کی چوتھی گیند پر 200 رنز بنا کر حاصل کرلیا۔

Exit mobile version