بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

عمران خان سے عوام کا اعتماد اُٹھ چکا ہے،بلاول بھٹو

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹوزرداری نے حکومت کے خلاف اعلان جنگ کرتے ہوئےکہا ہےکہ27 فروری کو کراچی سے نکلیں گے، اسلام آباد جائیں گے، جمہوریت کا انتقام ہوگا کہ سلیکٹڈ کو جمہوری طریقے سے ہٹائیں۔

بلوچستان کے ضلع نصیر آباد میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے بلاول کا کہنا تھا کہ گھبرانے کا وقت آچکا، حساب دینےکا وقت آچکا، عمران خان سے عوام کا اعتماد اُٹھ چکا ہے، اب پارلیمان کا اعتماد بھی اُٹھنا چاہیے۔

بلاول کا کہنا تھا کہ کٹھ پتلی کو پیغام پہنچا چکے ہیں کہ پیپلز پارٹی میدان میں اتر رہی ہے، چھین رہا ہےکپتان روٹی کپڑا اور مکان، خان صاحب نے آپ کے معاشی حقوق، آپ کے ووٹ، آپ کے پیٹ پر ڈاکا مارا ہے، ہم برداشت نہیں کرسکتے، ہم نے اعلان جنگ کردیا ہے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ ہم اپنا حق چھیننا جانتےہیں،جمہوریت کا انتقام ہوگا کہ سلیکٹڈ کو جمہوری طریقے سے قومی اسمبلی میں ہرائیں، ہم27 فروری کو کراچی سے نکلیں گے، اسلام آباد جائیں گے،بلوچستان کے عوام ہمارا ساتھ دیں گے، ہمارے مسائل کا حل جمہوری جدوجہد ہے، ہم ہتھیار نہیں ووٹ کی طاقت پر یقین رکھتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ 1973 کا آئین ریاست اور عوام کے درمیان معاہدہ ہے، جب سے سلیکٹڈ حکومت آئی ہے غربت، بیروزگاری اور مہنگائی میں اضافہ ہوا ہے، آپ ہمیں ایک موقع دیں ،ایک بارپھرپاکستان پیپلزپارٹی پر بھروسہ کریں،ہم وفاق پرست ہیں، ہم سمجھتے ہیں کہ سارےصوبوں کو حقوق ملیں گےتو وفاق مضبوط ہوگا، سارے صوبے اپنے وسائل کے مالک ہوں گے تو وفاق مضبوط ہوگا۔

Back to top button