شاداب کشتی پار نہ لگا سکے، ملتان سلطانز کی مسلسل چوتھی جیت
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے ساتویں ایڈیشن میں شاداب خان کی شاندار بیٹنگ کے باوجود ملتان سلطانز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 20رنز سے شکست دے دی۔
کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے ایونٹ کے آٹھویں میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے ٹاس جیت ملتان سلطانز کو بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔
سلطانز نے اننگز کا آغاز کیا تو یونائیٹڈ کے باؤلرز کی نپی تلی باؤلنگ کے سبب انہیں تیز یسے رنز بنانے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
اسکور 30 تک پہنچا ہی تھا کہ محمد رضوان بدقسمتی سے رن آؤٹ ہو کر پویلین لوٹ گئے، محمد وسیم جونیئر کی گیند پر شان مسعود نے واپس شاٹ کھیلا اور گیند باؤلر کے ہاتھ سے لگنے کے بعد وکٹوں سے جا ٹکرائی، رضوان کریز سے باہر ہونے کی وجہ سے پویلین واپسی پر مجبور ہوئے۔
شان مسعود آج بھی فارم میں نظر آئے اور 2 چھکوں اور پانچ چوکوں کی مدد سے 43 رنز کی اننگز کھیلی لیکن مرچینٹ ڈی لانگے کی تیز گیند ان کے پیڈ پر لگی اور انہیں ایل بی ڈبلیو قرار دیا گیا۔
ابھی سلطانز اس نقصان سے سنبھلے بھی نہ تھے کہ ایک اور رن آؤٹ کے نتیجے میں انہیں تیسرا نقصان اٹھانا پڑے۔
روسو نے باؤنڈری کی جانب شاٹ کھیلا اور آصف علی نے عمدہ فیلڈنگ سے یقینی چوکا روکنے کے بعد گیند وکٹ کیپر جانب تھرو کی اور وکٹوں کے درمیان غلط فہمی کے نتیجے میں صہیب مقصود وکٹ گنوا بیٹھے۔
تین وکٹیں گرنے کے بعد رائلی روسو کا ساتھ دینے ٹم ڈیوڈ آئے اور دونوں نے عمدہ اور جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے بڑے مجموعے کی بنیاد رکھی۔
دونوں کھلاڑیوں نے نصف سنچریاں اسکور کیں اور 110 رنز کی شراکت قائم کی، ٹم ڈیوڈ 29 گیندوں پر چھ چھکوں اور چھ چوکوں کی مدد سے 71 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔
تاہم رائلی روسو نے لاٹھی چارج جاری رکھا اور 35 گیندوں پر چھ چھکوں اور چار چوکوں کی مدد سے 67رنز کی اننگز کھیلی۔
ملتان سلطانز نے مقررہ اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 217رنز بنائے۔
سلطانز کی جارحانہ بیٹنگ کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ انہوں نے آخری 31 گیندوں پر 98 رنز بنائے۔
ہدف کے تعاقب میں اوپنرز پال اسٹرلنگ اور ایلکس ہیلز نے جارحانہ انداز اپنایا لیکن 10 گیندوں پر 19رنز بنانے کے بعد وہ ڈیوڈ ولی کو وکٹ دے بیٹھے۔
ایلکس ہیلز نے بھی چند بڑے شاٹس کھیلے رحمٰن اللہ گرباز کے ساتھ مل کر اسکور 57 تک پہنچا دیا لیکن اسی اسکور پر ولی نے دوسری وکٹ لیتے ہوئے 23 رنز بنانے والے ہم وطن ہیلز کو چلتا کردیا۔
افغانستان سے آئے رحمٰن اللہ گرباز 15 رنز بنانے کے بعد خوشدل شاہ کا شکار بنے جبکہ اسی اوور میں فہیم اشرف بھی گولڈن ڈک پر چلتے بنے۔
اعظم خان چھکا مارنے کی کوشش میں باؤنڈری پر کیچ ہوئے جبکہ آصف علی کو آؤٹ کر کے خوشدل نے چوتھی وکٹ حاصل کی۔
دوسرے اینڈ سے شاداب خان شاندار بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے اسکور بڑھاتے رہےاور مبشر کے ساتھ مل کر اسکور کو 176تک پہنچا دیا، مبشر 15 اور حسن علی تین رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
تن تنہا مزاحمت کرنے والے شاداب کی اننگز بھی 19ویں اوور میں اختتام کو پہنچی ، انہوں نے 42 گیندوں پر 9 چھکوں اور 5 چوکوں کی مدد سے 91رنز بنائے۔
ڈیوڈ ولی نے محمد وسیم جونیئر کو بولڈ کر کے تیسری وکٹ حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ اپنی ٹیم کو بھی 20 رنز سے فتح دلا دی۔
سلطانز کی جانب سے خوشدل شاہ نے چار جبکہ ڈیوڈ ولی نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔
اس میچ میں فتح کے ساتھ ہی ملتان سلطانز نے لگاتار چوتھی کامیابی حاصل کر لی۔
یاد رہے کہ میچ کے لیے اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی البتہ ملتان سلطانز نے ٹیم میں دو تبدیلیاں کی ہیں۔
سلطانز نے شاہنواز دھانی اور اسراراللہ کی جگہ رومان رئیس اور انور علی کو اسکواڈ کا حصہ بنایا ہے۔