محمد رضوان کی نصف سنچری، پی ایس ایل میں ملتان سلطانز کا فاتحانہ آغاز

نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے ایچ بی ایل پی ایس ایل 7 کے افتتاحی میچ میں ملتان سلطانز نے کراچی کنگز کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی.

فاتح ٹیم نے 125 رنز کا ہدف 10 گیندوں قبل میں 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا. کیلنڈر ایئر 2021 میں سب سے زیادہ ٹی ٹونٹی رنز کا ریکارڈ بنانے والے کپتان محمد رضوان نے سال 2022 میں بھی عمدہ بیٹنگ فارم کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے. انہوں نے ٹورنامنٹ کے افتتاحی میچ میں 110 کے اسٹرائیک ریٹ سے 52 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر ملتان سلطانز کو فتح سے ہمکنار کردیا. ان کی اننگز میں 5 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا.

محمد رضوان نے ابتدائی دو وکٹوں کے لیے شان مسعود اور صہیب مقصود کے ہمراہ بالترتیب 38 اور 63 رنز کی شراکت قائم کی. شان مسعود 26 اور صہیب مقصود 30 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے.

محمد نبی نے 2 وکٹیں حاصل کیں.

اس سے قبل ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان نے ٹاس جیت کر کراچی کنگز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تو شرجیل خان اور کپتان بابر اعظم نے 66 رنز کا محتاط آغاز فراہم کیا. شرجیل خان نے 31 گیندوں پر 3 چھکوں اور 3 کی مدد سے 43 رنز کی اننگز کھیلی. بابراعظم 23 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے. تیسرے نمبر پر میدان میں اترنے والے جوئے کلارک بھی 26 رنز ہی اسکور کرسکے. کراچی کنگز نے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 124 رنز بنائے.

تجربہ کار اسپنر عمران طاہر نے 16 رنز کے عوض 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی.

Exit mobile version