پاکستان کے فاسٹ بولر محمد حسنین کا بولنگ ایکشن مشکوک قرار دے دیا گیا۔ ان کے بولنگ ایکشن کا ٹیسٹ لاہور میں انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی منظور شدہ بائیو مکینک لیب میں ہو گا۔
فاسٹ بولر محمد حسنین کا بولنگ ایکشن آسٹریلیا کی بگ بیش لیگ (بی بی ایل) میں رپورٹ ہوا تھا جہاں انہوں نے سڈنی تھنڈرز کی نمائندگی کرتے ہو ئے 5 میچز کھیلے۔
محمد حسنین کا بولنگ ایکشن امپائرز نے سڈنی سکسرز کے خلاف میچ میں رپورٹ کیا، محمد حسنین کے بولنگ ایکشن کا ٹیسٹ 19 جنوری کو آسٹریلیا میں ہی ہونا تھا لیکن پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے بی بی ایل کھیلنے والے تمام پاکستانی کرکٹرز کو فوری وطن طلب کر لیا تھا تاکہ وہ 20 جنوری کو کووڈ ٹیسٹنگ کے عمل کے بعد پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے بائیو سکیور ببل میں داخل ہو سکیں۔
اب محمد حسنین کا لاہور میں ٹیسٹ کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔