حکمران پرتعیش خول سے باہر نکلیں،عوام کی مشکلات پر توجہ دیں، نور عالم برس پڑے
وزیر دفاع پرویز خٹک کی جانب سے وزیر اعظم عمران خان کے سامنے منحرف مؤقف اپنانے کے اگلے روز، پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ایک اور رہنما نے قومی اسمبلی کے فلور پر خیبرپختونخوا کو ‘نظر انداز’ کرنے پر حکومت پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے مطالبہ کیا کہ کابینہ کے اعلیٰ اراکین بشمول وزیراعظم کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں ڈالا جائے۔
رپورٹ کے مطابق نور عالم خان نے ٹریژری بنچوں کی اگلی قطاروں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ‘پہلی تین قطاروں میں براجمان افراد ہی ملک میں افراتفری کے اصل مجرم ہیں، لہٰذا ان کے نام ای سی ایل میں ڈالیں، پاکستان بچ جائے گا’۔
ایک روز قبل وزیر دفاع کی طرح، حکمران جماعت کے ایم این اے نے بھی کے پی، خاص طور پر صوبائی دارالحکومت پشاور میں گیس کے نئے کنکشن پر پابندی کا معاملہ اٹھایا۔
این اے 27 سے تعلق رکھنے والے ایم این اے نے اپنے آبائی شہر کا وزیراعظم کے حلقے سے موازنہ کرتے ہوئے کہا کہ ایسا لگتا ہے کہ پشاور اس ملک کا ضلع نہیں ہے بلکہ میانوالی اور سوات ہیں۔
حکومت میں کسی کا نام لیے بغیر نور عالم خان نے حکمرانوں سے کہا کہ وہ اپنے پرتعیش خول سے باہر نکلیں اور عوام کی مشکلات پر توجہ دیں۔
انہوں نے کہا کہ’براہ کرم اپنے ہوائی جہاز، اپنی لینڈ کروزر اور بی ایم ڈبلیو سے باہر نکلیں اور لوگوں کی حالت دیکھیں’۔