پاکستان پیپلزپارٹی کا کھاد بحران کیخلاف ٹریکٹر مارچ 21جنوری سے شروع ہوگا
پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے رہنما سید نوید قمر کا کہنا ہے کہ ملک میں کھاد کے موجودہ بحران کے خلاف 21 جنوری کو ساہیوال سے ’ٹریکٹر مارچ‘ شروع ہوگا۔
نوید قمر نے اپنے بیان میں کہا کہ ملک میں یوریا کی کمی کا سامنا ہے، یوریا غائب کرنے میں حکومت کا ہاتھ ہے جبکہ کہیں سے یوریا کے ٹرک گزرتے ہیں تو وہاں لوٹ مار شروع ہو جاتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب ایک شناختی کارڈ پر ایک بیگ فراہم کر رہی ہے، جیسے چینی بحران کے دوران لوگوں کا حال کیا گیا اب یوریا کے لیے بھی ایسے کیا جا رہا ہے، یوریا بحران کے خلاف ملک بھر میں احتجاج کے لیے باہر نکلیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ کھاد کے بحران کے خلاف پیپلزپارٹی ٹریکٹر مارچ کرے گی، 21 جنوری کو ساہیوال سے ٹریکٹر مارچ شروع ہوگا اور 24 جنوری کو ملک بھر میں ٹریکٹر مارچ ہوگا جبکہ پیپلز پارٹی، کسان اتحاد کے ساتھ مل کر ٹریکٹر مارچ کرے گی۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے بھی قومی اسمبلی میں تقریر کے دوران کھاد کے بحران پر آواز اٹھائی تھی اور حکومت کو خبردار کیا تھا کہ فوری طور پر بحران کو حل نہ کیا گیا تو ملک میں فصلوں کی کاشت سخت متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔