محمد حفیظ کی ریٹائرمنٹ، شاہد خان آفریدی کا اہم انکشاف

قومی ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے سٹار آل رائونڈر محمد حفیظ کی ریٹائرمنٹ سے متعلق اہم انکشاف کیا ہے۔سٹار آل رائونڈر شاہد آفریدی نے حال ہی میں نجی ٹی وی کے ایک پروگرام میں گفتگو کے دوران محمد حفیظ کی ریٹائرمنٹ سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ میں محمد حفیظ کا بیان سن رہا تھا، ان کے رویے سے واضح تھا کہ وہ جلد ریٹائرمنٹ لینے کے بجائے پاکستان کرکٹ ٹیم کے لیے مزید کھیلنا چاہتے تھے۔شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ میں ہمیشہ پاکستان کرکٹ بورڈ اور کھلاڑیوں کے درمیان رابطے میں فرق پر بات کرتا ہوں اور مجھے لگتا ہے کہ بالکل ایسا ہی محمد حفیظ کے ساتھ ہوا ہے تاہم خوشی اس بات کی ہے کہ حفیظ نے اپنی ریٹائرمنٹ کے معاملے کو کسی بڑے تنازع میں تبدیل نہیں کیا۔شاہد آفریدی نے دوران گفتگو محمد حفیظ کے شاندار کرکٹ کیریئر کا بھی اعتراف کیا اور ان کے اہل خانہ سمیت والدین کو مبارکباد بھی دی۔واضح رہے کہ محمد حفیظ نے گزشتہ روز انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا۔محمد حفیظ نے 392 بین الاقوامی میچز میں قومی ٹیم کی نمائندگی کرتے ہوئے 12 ہزار 780 رنز بنائے اور 253 وکٹیں بھی حاصل کیں جبکہ وہ ٹیم کے لیے 32 مرتبہ مین آف دی میچ بھی رہے۔

Exit mobile version