امریکا میں 24 گھنٹوں کے دوران 4لاکھ سے زائد کورونا کیسز

دنیا بھر میں کورونا وائرس کے نئے ویرینٹ اومی کرون کے کیسز میں تیزی سے اضافہ جاری ہے، امریکا میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کی حالیہ لہر کا نیا ریکارڈ بن گیا۔

امریکا میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 4 لاکھ65 ہزار سے زائد نئے کورونا مریض سامنے آ گئے، جبکہ 17 سو سے زائد اموات رپورٹ ہوئی ہیں۔

ڈاکٹر فاؤچی کا کہنا ہے کہ امریکا میں جنوری کے آخر تک کورونا کیسز میں اضافہ عروج پر ہونے کا خدشہ ہے۔

بڑھتے ہوئے کورونا کیسز کے باعث بدھ سے اب تک امریکا بھر میں 5 ہزار سے زائد ڈومیسٹک اور انٹرنیشنل فلائٹس منسوخ یا تاخیر کا شکار ہوئی ہیں۔

ادھر برطانیہ میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ریکارڈ 1 لاکھ 83 ہزار سے زائد جبکہ فرانس میں 2 لاکھ 8 ہزار سے زائد کورونا کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

اس دوران جرمنی میں 42 ہزار 770 کورونا کیسز اور 383 اموات رپورٹ ہوئی ہیں۔

ڈنمارک، پرتگال، برطانیہ اور آسٹریلیا میں بھی کورونا وائرس کے ریکارڈ کیسز سامنے آئے ہیں۔

بھارت میں گزشتہ روز کورونا وائرس کے 13 ہزار 154 کیسز اور 268 اموات رپورٹ ہوئیں۔

بھارت بھر میں کورونا وائرس کے اومی کرون ویرینٹ کے کیسز کی تعداد 961 ہوگئی ہے۔

بھارتی شہر ممبئی میں اومی کرون کے پھیلاؤ کے پیشِ نظر دفعہ 144 میں 7 جنوری تک توسیع کر دی گئی ہے۔

واضح رہے کہ دنیا بھر میں کورونا وائرس کے یومیہ 9 لاکھ کیسز رپورٹ ہو رہے ہیں۔

Exit mobile version