بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

خیبر پختونخوا کے 4بڑے شہروں میں پی ٹی آئی کا میئر نہ جیت سکا

خیبر پختونخوا (کے پی) کے بلدیاتی انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) پیچھے نہیں بہت پیچھے رہ گئی۔

خیبر پختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے میں 66 تحصیل و سٹی کونسلز کے لیے انتخابات ہونے تھے۔

رپورٹ کے مطابق 61 تحصیل کونسلز  کے انتخابات ہونے تھے تاہم بکا خیل تحصیل میں پولنگ نہیں ہوئی جبکہ مزید دو تحصیلوں کے نتائج روک دیے گئے ہیں یعنی مجموعی طور پر 58 تحصیل کونسلز پر انتخابی عمل مکمل ہوسکا ہے اور نتائج کی آمد آخری مراحل میں ہے۔

اس کے علاوہ 5 سٹی میئرز کے لیے بھی انتخابات ہونے تھے تاہم سٹی کونسل ڈیرہ اسماعیل خان میں عوامی نیشنل پارٹی کے میئر کے امیدوار کو قتل کیے جانے کی وجہ سے ادھر پولنگ ملتوی کردی گئی تھی اور 4 سٹی کونسلز مردان، پشاور، کوہاٹ اور بنوں میں سٹی میئر کیلئے پولنگ ہوئی۔

پشاور، مردان، بنوں اور  کوہاٹ میں میئر کیلئے  پی ٹی آئی کا کوئی امیدوارکامیاب نہ ہوسکا۔

مردان

 تازہ ترین غیر حتمی غیر سرکاری نتائج کے مطابق مطابق مردان میں عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کے حمایت اللہ مایار 56 ہزار 458 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے جبکہ جمیعت علمائے اسلام کے امانت شاہ حقانی 49 ہزار 938 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔

کوہاٹ

 کوہاٹ میں جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی)کے شیر  زمان بھی 34 ہزار 434 ووٹ لے کر میئر کا انتخاب جیت گئے، آزاد امیدوار سیف اللہ جان 25 ہزار 793 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔

پشاور

پشاور میں میئر کے سب سے بڑے مقابلے میں اب تک جے یو آئی کے  زبیر علی 56 ہزار 6  ووٹ لے کر سب سے آگے ہیں جبکہ پی ٹی آئی کے رضوان بنگش 45 ہزار 15 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر ہیں۔

بنوں

بنوں میئر کیلئے  جے یو آئی کے امیدوار عرفان اللہ درانی 27 ہزار 500 ووٹ لے کر آگے ہیں جبکہ پی ٹی آئی کے اقبال جدون خان 22 ہزار 800 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر ہیں۔

کچھ دیر میں پشاور اور بنوں کے میئر کے الیکشن کے بھی مکمل نتائج سامنے آجائیں گے۔

Back to top button