اسلام آباد ہائی کورٹ میں مزید تین ججز تعینات

اسلام آباد ہائی کورٹ میں مزید تین ججز تعینات ہوگئے، چیف جسٹس اطہر من اللہ نے نئے تعینات ہونے والے ججز سے حلف لیا۔

 رپورٹ کے مطابق حلف برداری کے بعد افسران اور ججز نے باقاعدہ طور پر اپنی ذمہ داریاں سنبھال لی ہیں۔

عدالتی احاطے میں ہونے والی تقریب میں اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ نے نئے تعینات ہونے والے جسٹس سردار اعجاز اسحٰق خان، جسٹس ارباب محمد طاہر اور جسٹس ثمن رفعت امتیاز سے حلف لیا۔

تقریب میں آئی ایچ سی کے جسٹس عامر فاروق، جسٹس محسن اختر کیانی، جسٹس میاں گل اورنگزیب، جسٹس طارق محمود جہانگیری اور جسٹس بابر ستار نے شرکت کی۔

حلف برداری کی تقریب میں وکلا، ججز اور دیگر شخصیات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

حلف برداری کی تقریب کے بعد نئے ججز نے اپنے اپنے عہدوں کا چارج سنبھالا اورسماعت کے لیے مقرر درخواستوں کو سنا۔

جسٹس سردار اعجاز خان اور جسٹس ارباب محمد طاہر نے دو کیسز جبکہ جسٹس ثمن رفعت امتیاز خان نے تین کیسز کی سماعت کی، تین نئے ججز کی تعیناتی کے بعد اسلام آباد ہائی کورٹ میں ججز کی مجموعی تعداد 9 ہوگئی ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ ماہ جے سی پی نے اسلام آباد ہائی کورٹ کے لیے 3 ایڈیشنل ججز کی سفارش کی تھی۔

ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ نے 3 ناموں کی سفارش پیش کی تھی جن میں ثمن رفعت امتیاز، ارباب محمد طاہر اور بیرسٹر سردار اعجاز اسحٰق خان شامل ہیں۔

Exit mobile version