ایشین چیمپینز ٹرافی کے پہلے روز پاکستان اور جاپان کے مابین میچ ڈراء، پاکستانی گول کیپر مظہر عباس، دفاعی کھلاڑی ابوبکر محمود، محمد عبداللہ اور کپتان عمر بھٹہ کا شاندار کھیل، پاکستان کے گول کیپر مظہر عباس مین آف دی میچ قرار پائے، ایونٹ انتظامیہ کی جانب سے 150 ڈالر کیش ایوارڈ اور اعزازی شیلڈ پیش کی گئی
تفصیلات کے مطابق ایشین ہاکی فیڈریشن کی زیرنگرانی بنگلہ دیش ہاکی فیڈریشن کے زیراہتمام ڈھاکہ میں ایشین چیمپینز ٹرافی کا شاندار آغاز ہوگیا۔ خطہ کی پانچ بہترین ٹیموں کے ساتھ جاری اس ایونٹ میں آج دو میچز کھیلے گئے پہلا میچ انڈیا اور کوریا کے مابین 2-2 گول سے ڈراء رہا جبکہ دوسرا میچ پاکستان اور جاپان کے مابین 0-0 گول سے ڈراء رہا۔ پاکستان ہاکی ٹیم نے ایونٹ میں کھیلے گئے اپنے پہلے میچ میں بہترین کھیل کا مظاہرہ کیا جبکہ جاپان کی ٹیم نے بہترین فزیکل فٹنس کے ساتھ پاکستان ہاکی ٹیم کے ہر حملے کو ناکام بنایا۔ جاپان کو پاکستان کے خلاف 3 پینلٹی کارنرز ملے جن سے وہ فائدہ نہ اٹھا سکی دوسری جانب پاکستان کو ایک بینلٹی کارنر حاصل ہوا جوکہ بے نتیجہ رہا۔ پاکستان کی جانب سے دفاعی کھلاڑی گول کیپر مظہر عباس، محمد عبداللہ، ابوبکر محمود اور عماد شکیل بٹ سمیت کپتان عمر بھٹی نے بہترین کھیل کا مظاہرہ کیا۔ پاکستان کے گول کیپر مظہر عباس مین آف دی میچ قرار پائے اور ایونٹ انتظامیہ کی جانب سے انکو 150ڈالر کیش ایوارڈ اور اعزازی شیلڈ پیش کی گئی۔ ہیڈ کوچ قومی ہاکی ٹیم سیگفرائیڈ ایکمین نے کھلاڑیوں کی پرفارمنس کو تسلی بخش قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ جاپان ایک منجھی ہوئی ٹیم ہے جس نے اولمپکس سمیت ایشین گیمز میں بہترین کارکردگی دکھائی اور رینکنگ میں بہتر ہے جبکہ پاکستان ٹیم سینئر و جونیئر کھلاڑیوں پر مشتمل ہے اور تقابلی طور پر انٹرنیشنل میچز کم کھیلی ہوئی ہے تاہم آج کا میچ اچھا رہا اور آئیندہ میچز میں پاکستان ٹیم بہتر پرفارم کرنے کی بھرپور کوشش کرے گی۔