کراچی پولیس کا قومی اخبار کے فوٹو گرافر پر تشدد
کراچی کے علاقے عزیز آباد میں روزنامہ ڈان کے فوٹوگرافر کو پیشہ وارانہ فرائض کی ادائیگی کے دوران سیکیورٹی اہلکاروں کی جانب سے تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔
کراچی یونین آف جرنلسٹس نے واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ اور وفاقی وزیر داخلہ سے انکوائری اور ملوث اہلکاروں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کردیا۔
کراچی کے علاقے عزیز آباد میں روزنامہ ڈان کے فوٹوگرافر فیصل مجیب پر سیکیورٹی اہلکاروں کی جانب سے تشدد کیا گیا۔
فیصل مجیب کا کہنا ہے کہ پیشہ وارانہ فرائض کی ادائیگی کے دوران اس پر نہ صرف تشدد کیا گیا بلکہ سیکیورٹی اہلکاروں نے شناخت کروانے کے باوجود موبائل فون، کیمرہ اور ہیلمٹ توڑدیا، جبکہ اسے ایک گھنٹے تک حراست میں بھی رکھا گیا۔
کراچی یونین آف جرنلسٹس نے واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔
کراچی یونین آف جرنلسٹس کے صدر نظام صدیقی اور جنرل سیکریٹری فہیم صدیقی سمیت مجلس عاملہ کے تمام اراکین کی جانب سے جاری بیان میں وزیراعلیٰ سندھ اور وزیر داخلہ سے قومی اور صوبائی اسمبلی سے منظور کردہ جرنلسٹس پروٹیکشن ایکٹ کے تحت ملوث اہلکاروں کیخلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔