بلوچستان کے ضلع پنجگور سمیت مختلف علاقوں سے 7 لاشیں برآمد ہوئی ہیں جس کے بعد صوبے میں دو روز کے دوران برآمد ہونے والی لاشوں کی تعداد 10 ہوگئی۔
لیویز حکام کے مطابق بلوچستان کے ضلع پنجگور کے علاقے حانے تل سے 5 افراد کی لاشیں ملیں جنہیں فائرنگ کرکے قتل کیا گیا جب کہ ان کی گاڑی کو بھی اگ لگادی گئی۔
لیویز حکام کا بتانا ہےکہ قتل کیے گئے پانچوں افراد پنجگور کے رہائشی تھے، لواحقین کے مطابق یہ افراد شکار کھیلنے پہاڑی علاقے حانے تل گئے تھے۔
ادھر ضلع بولان کے علاقے کولپور کے قریب پل کے نیچے سے ایک شخص کی لاش برآمد ہوئی جس کی شناخت عبدالسلام کے نام سے ہوئی ،مقتول پشتون آباد کوئٹہ بتایا جاتا ہے۔
ضلع موسیٰ خیل کی تحصیل کنگری کھجوری کے علاقے سے لیویز کو ایک نوجوان کی لاش ملی جسے دو گولیاں ماری گئی تھیں، لاش شناخت کے لیے موسی خیل اسپتال منتقل کردی گئی۔
گزشتہ روز ضلع کیچ کی تحصیل مند کے پہاڑی علاقے پیرکور شم سے بھی تین افراد کی لاشیں ملی تھیں جنہیں فائرنگ کرکے قتل کیا گیا تھا۔