بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

علما کرام کے وفد کا دورہ سری لنکن ہائی کمیشن،سیالکوٹ واقعہ کی مذمت

حکومتی اور علمائے کرام کے وفد نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں سری لنکن ہائی کمیشن کا دورہ کیا اور سیالکوٹ واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔

علمائے کرام کے وفد نے سری لنکا کے ہائی کمشنر سے ملاقات کی اور سیالکوٹ واقعے میں بے دردی سے قتل کیے جانے والے سری لنکن شہری کی موت پر اظہار تعزیت کیا۔

علما نے واقعے کو اسلام اور آئین پاکستان کی نفی قرار دیا۔ 

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری اور معاون خصوصی عثمان ڈار نے بھی سری لنکن ہائی کمشنر موہن وجے وکرما سے ملاقات کی اور سیالکوٹ واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔

انہوں نے یقین دلایا کہ مجرموں کو ہر صورت کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔

دوسری جانب سری لنکن ہائی کمشنر موہن وجے وکرما کا کہنا تھا کہ جس شدت سے پاکستانی قوم نے سیالکوٹ واقعے کی مذمت کی ہے، امید ہے مجرمان اپنے انجام کو پہنچیں گے۔

ان کا کہنا تھاکہ جس طرح سے پاکستان کے علما، حکومت اور عوام نے واقعے کی خلاف غم و غصے کا اظہار کیا ہے اور مجرمان کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے وہ باعث اطمینان ہے۔

اسلامی نظریاتی کونسل کے اعلامیے میں کہا گیا کہ ناعاقبت اندیش عناصر کی طرف سے اقدام پوری پاکستانی قوم او ر مسلم امہ کی سبکی ہوئی، مجرمان کو سخت سے سخت سزا دی جائے۔

اشتہار
Back to top button