بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

نئے چیئرمین نیب کی تعیناتی کیلئے سمری منظوری کیلئے صدر کو بھجوا دی گئی

وزارت قانون نے قومی احتساب بیورو (نیب) کے نئے چیئرمین کی تعیناتی کیا عمل شروع کردیا ہے اور ایک سمری صدر مملکت عارف علوی کی منظوری کے لیے بھجوادی ہے۔

 رپورٹ کے مطابق موجودہ چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال کے عہدے کی مدت اکتوبر میں ختم ہوگئی تھی جس کے بعد ایک صدارتی آرڈیننس کے ذریعے حکومت نے اس میں توسیع کردی تھی۔

قومی احتساب آرڈیننس (این اے او) میں حال ہی میں کی گئی ترامیم چیئرمین نیب کو نئے سربراہ کی تعیناتی تک اس عہدے پر کام جاری رکھنے کی اجازت دیتی ہیں۔

وزارت قانون کے ذرائع کے مطابق سمری میں صدر سے چیئرمین نیب کی تعیناتی کا عمل شروع کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔

وزارت قانون نے کہا کہ سپریم کورٹ آف پاکستان کے فیصلے کی روشنی میں صدر مملکت کو چیئرمین نیب کے تقرر کے لیے وزیراعظم اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سے مشاورت کرنی ہوگی۔

احتساب آرڈیننس کی دفعہ 6 میں کی گئی ترمیم میں ’ناقابلِ توسیع‘ کا لفظ حذف کر کے چیئرمین نیب کو توسیع دی گئی تھی۔

آرڈیننس کی دفعہ 5 کے مطابق ’قومی احتساب بیورو کا ایک چیئرمین ہوگا جسے صدر مملکت قومی اسمبلی کے قائد حزب اختلاف اور قائد ایوان کی مشاورت سے مقرر کریں گے۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ بامعنی مشاورت کے لیے وقت کی کوئی حد نہیں طے کی گئی تاہم اگر صدر کو محسوس ہو کہ وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر کسی نام پر اتفاق نہیں کر پارہے تو وہ یہ معاملہ پارلیمانی کمیٹی کو بھجواسکتے ہیں۔

Back to top button