سراپا احتجاج اساتذہ و ملازمین پارلیمنٹ ہائوس پہنچ گئے
سراپا احتجاج اساتذہ و ملازمین مارچ کرتے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں واقع پارلیمنٹ ہاؤس پہنچ گئے۔
شاہراہِ دستور کے دونوں طرف مظاہرین اساتذہ نے احتجاج کیا اور ’استاد کو عزت دو‘ کے نعرے لگائے۔
مظاہرہ کرنے والے اساتذہ نے خاردار تار ہٹانے کی کوشش کی جس پر پولیس نے مظاہرین کو خار دار تار ہٹانے سے روک دیا۔
احتجاج کے باعث شاہراہِ دستور بلاک ہو گئی، اس موقع پر خواتین اساتذہ کو روکنے کے لیے ویمن پولیس بھی تعینات ہے۔
پولیس نے مظاہرین اساتذہ کو پارلیمنٹ کے دروازے پر جانے سے روک دیا اور اساتذہ کو وارننگ دے دی۔
مظاہرہ کرنے والے اساتذہ کی جانب سے تعلیمی اداروں کو میونسپل کارپوریشن کے ماتحت کرنے کا فیصلہ واپس لینے کا مطالبہ کیا گیا۔
مظاہرین اساتذہ کا کہنا ہے کہ میئر کے ماتحت ہونے سے ان کے الاؤنسز اور ترقیاں ختم ہوجائیں گی۔
احتجاج کے باعث اسلام آباد کے تعلیمی اداروں میں تعلیمی سرگرمیاں معطل ہو گئیں۔
واضح رہے کہ وفاقی سرکاری تعلیمی اداروں کے اساتذہ و ملازمین نے آج صبح میونسپل کارپوریشن کے ماتحت کیئے جانے کے آرڈیننس کے خلاف ریلی کی صورت میں پارلیمنٹ کی جانب مارچ کیا۔
احتجاج کرنے والے اساتذہ کا کہنا ہے کہ آرڈیننس کی واپسی تک پارلیمنٹ کے باہر دھرنا دیا جائے گا۔