قائد اعظم ٹرافی،ابرار کی 11وکٹیں،سندھ نے بلوچستان کو شکست دیدی
نوجوان لیگ سپنر ابرار احمد کی تباہ کن بائولنگ کی بدولت سندھ نے جاری قائد اعظم ٹرافی ٹورنامنٹ میں اپنی پہلی جیت حاصل کرلی، بلوچستان کی ٹیم کو ایک اننگز اور 188 رنز کی بڑی شکست سے دوچار کرلیا، ابرار احمد نے شاندار بائولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے مجموعی طور پر گیارہ وکٹیں حاصل کیں،یہ پہلا موقع ہے کہ ابرار احمد ڈومیسٹک کرکٹ میں دس یا اس سے زائد وکٹیں حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔
بلوچستان کی ٹیم نے میچ کے تیسرے دن اپنی دوسری اننگز 132 رنز پانچ کھلاڑی آئوٹ پر دوبارہ شروع کی تو سندھ کے بائولرز نے ان کی بساط 158 رنز پر لپیٹ دی، کراچی کے یو بی ایل سپورٹس کمپلیکس میں کھیلے گئے میچ میں ابرار احمد نے صرف چالیس رنز دیکر چھ کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، سینئر و تجربہ کار فاسٹ بائولر سہیل خان نے بھی ان کا بھرپور ساتھ دیا جنہوں نے تین وکٹیں حاصل کیں، سہیل خان اس میچ میں اپنے فرسٹ کلاس کیریئر کی پانچ سو وکٹیں بھی مکمل کرنے میں کامیاب ہو گئے، میچ میں ابرار اور سہیل نے مشترکہ طور پر اٹھارہ وکٹیں حاصل کیں جس میں ابرار کی گیارہ اور سہیل کا حصہ سات وکٹیں رہا اس کامیابی سے سندھ کی ٹیم کو اٹھائیس پوائنٹس ملے جبکہ بلوچستان کی ٹیم صرف تین پوائنٹس حاصل کرسکی۔