بسم اللہ الرحمن الرحیم

کھیل

جونیئر ورلڈ کپ ہاکی ٹورنامنٹ، پاکستان کو جرمنی کے ہاتھوں 2-5 سے شکست

عالمی جونیئر ہاکی کپ کا آغاز ہوگیا، 16 ٹیموں پر مشتمل ایف آئی یچ کا میگا ایونٹ انڈیا کے شہر بھوبنیشور میں 24 نومبر تا 5 دسمبر کھیلا جارہا ہے۔ ایونٹ کے تگڑے پول ڈی میں شامل پاکستان جونیئر ہاکی ٹیم کے ساتھ آخری جونیئر عالمی ہاکی کپ 2016 لکھنؤ انڈیا میں کانسی کا تمغہ اور یورو جونیئر ہاکی چیمپین شپ 2019 کی گولڈ میڈلسٹ جرمن ہاکی ٹیم سمیت جونیئر عالمی ہاکی کپ 2016 کھنؤ میں پانچویں پوزیشن اور پین امریکن چیمپین شپ 2021 کی سلورمیڈلسٹ ٹیم ارجنٹائن کے ساتھ ساتھ مصر کی ٹیمیں شامل ہیں۔ پول ڈی میں شامل پاکستان جونیئر ہاکی سکواڈ نے آٹھ سال کے طویل عرصہ کے بعد اس ایونٹ میں قدم رکھا ہے۔ پاکستان ہاکی ٹیم نے ایونٹ کا پہلا میچ جرمنی جیسی کہنہ مشق ٹیم کے ساتھ کھیلا۔ دونوں ٹیموں نے شاندار، جاندار اور برق رفتار کھیل کا مظاہرہ کیا۔ کھیل کی برق رفتاری کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ میچ کے ابتدائی منٹ میں ہی جرمن ٹیم گول فیلڈ گول کرنے میں کامیاب ہوگئی۔

ہار جیت کھیل کا حصہ ہے لیکن قومی ہاکی جونیئر سکواڈ نےایونٹ میں اپنے پہلے میچ میں ایونٹ کی مضبوط ترین ٹیموں میں شمار ہونے والی جرمن ہاکی ٹیم کے خلاف بہترین صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے اچھے کھیل کا مظاہرہ کیا۔ ایک طویل عرصہ کے بعد پاکستان کی جانب سے اٹیکنگ ہاکی دیکھنے کو ملی جو کہ کسی دور میں پاکستان کا خاصہ ہوا کرتی تھی۔پاکستان ہاکی ٹیم کے کھلاڑیوں کی جانب سے لگاتار حملے ہر بار شائقین ہاکی کی اُمیدوں کے چراغ کو جلا بخشتے نظر آئے۔ پاکستان جونیئر ہاکی ٹیم کی فارورڈ لائن نے کئی بار جرمن ٹیم کی دفاعی لائن کو توڑا اور گول پوسٹ پر حملہ آور ہوئے۔ پاکستان ہاکی کے نوجوان اور پرجوش سٹرائیکرز عبدالحنان شاہد اور حماد انجم نے ان مواقع سے فائدہ اٹھایا اور دو شاندار فیلڈ گول سکور کئے۔ انٹرنیشنل ہاکی میچز کے تحربہ سے ناواقف پاکستان جونیئر ہاکی ٹیم نے کہنہ مشق جرمن ہاکی ٹیم کو خاصا پریشان کیا جس کا اعتراف میچ کے اختتامی کلمات میں جرمن کپتان نے کیا اور کہا کہ “پاکستان ہاکی ٹیم ایک سخت حریف تھی اور ہماری توقعات سے کہیں بڑھ کر کھیلی”۔


عالمی جونیئر ہاکی کپ 2013 میں انڈیا کو میچ میں 1-1 گول برابر کھیلنے کے بعد پینلٹی شوٹ آؤٹس کی بنیاد پر 2-4 گول سے شکست دیکر 9ویں پوزیشن حاصل کرنے والی پاکستان جونیئرز ہاکی ٹیم آٹھ سال کے طویل عرصہ کے بعد ایک نئے جوش اور ولولہ کے ساتھ اس ایونٹ میں اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھانے کے لئےبے تاب ہے۔ ماہرین ہاکی کے مطابق یہ ٹیم ایونٹ میںسرپرائز کرنے کی اہلیت رکھتی ہے۔ ایونٹ کے آغاز سے قبل پاکستان جونیئر ہاکی ٹیم کے کپتان رانا وحید، اور ہیڈ کوچ دانش کلیم نے قوم سے ہاکی ٹیم کی جیت اور قومی کھیل کو سپورٹس کرنے کی درخواست بھی کی ہے۔ پرعزم ،ولولہ انگیز اور باصلاحیت قومی جونیئر ہاکی کھلاڑی اپنے اگلے دومیچوں کو جیتنے کی پلاننگ میں مصروف ہیں ۔ پاکستان جونیئر ہاکی سکواڈ مصر کے ساتھ 27 نومبر کو بمطابق پاکستان ٹائم 9:00 بجے دن نبرد آزما ہوگا۔ 16 ٹیموں پر مشتمل اس ایونٹ میں چار پول میں چار ٹیمیں شریک ہیں. ہر ٹیم3 گروپ میچ کھیلے گی اور ٹاپ8 ٹیمیں کواٹر فائنل مرحلے کے لئے کوالیفائی کریں گی۔ ٹورنامنٹ کا فائنل 5 دسمبر کو کھیلا جائے گا ا پول ڈی میں شامل پاکستان ارجنٹائن کے خلاف اپنا آخری پول میچ 28 نومبر کو 4:30 بجے شام کھیلے گا۔

Back to top button