پاکستان نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد بنگلہ دیش کو شکست دیدی
پاکستان نے پہلے ٹی 20 میچ میں بنگلادیش کو 4 وکٹ سے شکست دے دی اور تین میچوں کی سیریز میں 1-0 سے برتری حاصل کرلی۔
ڈھاکا میں کھیلے گئے میچ میں بنگلادیش نے پاکستان کو 128 رنز کا ہدف دیا، گرین شرٹس نے 19 اعشاریہ 2 اوورز میں 6 وکٹ پر 132 رنز بنائے۔
پاکستان کی طرف سے فخر زمان اور خوشدل شاہ نے 34،34 جبکہ شاداب خان نے 10 گیندوں پر 21 اور محمد نواز نے 8 گیندوں پر18 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی اور ٹیم کو فتح سے ہمکنار کروایا۔
ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی جانب سے کپتان بابر اعظم اور وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان نے پر اننگ کا آغاز کیا، قومی ٹیم کا اسکور 16 رنز ہوا تو رضوان 11 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے اس کے کچھ دیر بعد ہی 22 کے مجموعے پر بابر اعظم 8 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔
قومی ٹیم کا اسکور 23 رنز پر پہنچا تو حیدر علی بغیر کوئی رن بنائے ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوئے، انہوں نے ری ویو کا سہارا بھی لیا مگر وکٹ نہ بچا سکے۔
قومی ٹیم کا اسکور 24 پر پہنچا تو ٹیم کے سینیئر ترین بیٹسمین شعیب ملک غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے رن آؤٹ ہوگئے۔
پاکستان کے پانچویں آوٹ ہونے والے بیٹسمین فخر زمان تھے جو 34 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے جبکہ چھٹے آوٹ ہونے والے بیٹسمین خوشدل شاہ تھے وہ بھی 34 رنز ہی بناکر پویلین لوٹ گئے۔
تاہم بعد میں آنے والے شاداب خان اور محمد نواز نے برق رفتار بیٹنگ کی اور ٹیم کو 4 گیندوں قبل ہی فتح دلوادی۔
اس سے قبل میچ میں بنگلا دیش ٹیم کا میچ میں پہلے بیٹنگ کا فیصلہ اس وقت غلط ثابت ہوا جب اس کا ٹاپ آرڈر پاکستان کے بولنگ اٹیک کے سامنے لڑکھڑا گیا۔
پاکستان کے خلاف بنگلا دیش کی پہلی وکٹ 3 رنز پر گِری تھی، نعیم شیخ ایک رن بنا کر حسن علی کی گیند پر آؤٹ ہوئے تھے۔
بنگلا دیش کی دوسری وکٹ 10 رنز پر گِری تھی، سیف حسن ایک رن بنا کر محمد وسیم کی گیند پر آؤٹ ہوئے تھے۔
میزبان ٹیم کے تیسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی نجم الحسین تھے وہ 7 رنز بنا سکے جبکہ چوتھی وکٹ کپتان محمد اللّٰہ کی تھی جو 6 رنز بنا سکے۔
افیف حسین کی صورت میں بنگلا دیش کی پانچویں وکٹ 36 رنز پر گری جبکہ چھٹے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی نور الحسن تھے۔
بنگلا دیش کے پویلین روانہ ہوانے والے ساتویں کھلاڑی امین الحسن تھے جو 2 رنز بنا سکے۔
میزبان ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 37 وکٹ کے نقصان پر 127 رنز بنائے، جبکہ اس کے صرف 3 بلے باز ڈبل فیگر میں داخل ہوسکے۔
بنگلا دیش کے ٹاپ اسکورر 38 رنز بنا کر افیف حسین رہے جبکہ مہدی حسن 30 اور نور الحسن 28 رنز بنا سکے۔
پاکستان کی جانب سے حسن علی نے 3 ، محمد وسیم نے 2 وکٹ حاصل کیے جبکہ محمد نواز اور شاداب نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔