بسم اللہ الرحمن الرحیم

کھیل

فائنل ٹکرائو کیلئے آسڑیلیا نیوزی لینڈ تیار

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کا فائنل ٹکرائو آج دو پڑوسی ملکوں آسڑیلیا اور نیوزی لینڈ کے درمیان دبئی انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلا جائے، میچ پاکستانی وقت کے مطابق شام سات بجے شروع ہوگا ، دونوں ٹیموں نے جاری ٹورنامنٹ میں انتہائی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اس بڑے ٹکرائو تک رسائی حاصل کی ہے، دونوں میں سے آج کس ٹیم کے سر پر فتح کا تاج سجے گا اس کا تجزیہ کرنے سے قبل فائنل ٹکرائو تک دونوں ٹیموں کی کارکردگی پر ایک نظر ڈال لی جائے تو کچھ صورتحال واضح ہوسکتی ہے، آسڑیلیا کی ٹیم جو سپر 12 مرحلے کے گروپ ون میں شامل تھی نے اپنے پہلے میچ میں جنوبی افریقہ کی ٹیم کو پانچ وکٹوں سے شکست دیکر اپنے سفر کا آغاز کیا تھا اس کے بعد اس نے سری لنکا کو بھی با آسانی سات وکٹوں سے شکست دیدی تھی تاہم تیسرے میچ میں اسے انگلش ٹیم کے ہاتھوں آٹھ وکٹوں کے بڑے فرق سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا

اپنے چوتھے میچ میں آسڑیلیا کی ٹیم نے بنگلہ دیش کو آٹھ وکٹوں سے شکست دی تھی جبکہ اپنے پانچویں اور آخری میچ میں ویسٹ انڈیز کی ٹیم کو آٹھ وکٹوں سے شکست دیکر سیمی فائنل مرحلے میں جگہ بنائی تھی سیمی فائنل میچ میں اس نے ٹورنامنٹ کی ناقابل شکست ٹیم پاکستان کو ایک سخت اور سنسنی خیز مقابلے کے بعد پانچ وکٹوں سے شکست دی تھی، نیوزی لینڈ کے فائنل تک کے سفر پر نظر ڈالی جائے تو ان کا آغاز اچھا نہ تھا اور انہیں پہلے ہی میچ میں پاکستان کی ٹیم نے اسے پانچ وکٹوں سے شکست دیدی تھی تاہم اس نے دوسرے میچ میں کم بیک کرتے ہوئے بھارت کو با آسانی آٹھ وکٹوں سے شکست دی تھی، تیسرے میچ میں اس نے سکاٹ لینڈ کو سولہ رنز سے ہرایا تھا، چوتھے میچ میں نیوزی لینڈ نے نمیبیا کو 52 رنز سے شکست دی تھی جبکہ اپنے پانچویں میچ میں اس نے افغانستان کی ٹیم کو آٹھ وکٹوں کے واضح فرق سے شکست دیکر سیمی فائنل مرحلے میں اپنی جگہ پکی کرلی تھی، سیمی فائنل مرحلے میں اس کا مقابلہ ٹورنامنٹ کی فیورٹ انگلینڈ کے ساتھ ہوا جہاں اس نے ایک اعصاب شکن مقابلے کے بعد پانچ وکٹوں سے کامیابی حاصل کی

آسڑیلیا اور نیوزی لینڈ دونوں ٹیموں نے سیمی فائنل میچوں میں پانچ پانچ وکٹوں سے اپنے حریفوں کو شکست دی تھی، دونوں ٹیموں کے درمیان اب تک مجموعی طور پر 14 ٹی ٹوئنٹی مقابلوں میں آمنا سامنا ہوا ہے اور اس میں سے آسڑیلیا نے نو اور نیوزی لینڈ نے پانچ بار کامیابی حاصل کی ہے،نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کی بیٹنگ لائن پر اگر نظر ڈالی جائے تو اوپننگ میں ڈیرل مچل انتہائی خطرناک دکھائی دیتے ہیں ڈیرل مچل ٹیم کو ایک بہترین آغاز فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ ایک لمبی اننگز کھیلنے کی صلاحیت سے مالا مال ہیں جبکہ کپتان کین ولیمسن جو اب تک اس طرح کی بیٹنگ کارکردگی نہیں دکھا سکے ہیں جس طرح کی کارکردگی کی ان سے توقع ہے تاہم امید کی جا رہی ہے کہ آج کے اس بڑے ٹکرائو میں کین ولیمسن اپنا جلوہ دکھائیں گے اسی طرح نیوزی لینڈ کی ٹیم میں گیلن فلپس اور جیمز نیشام دو ایسے دھواں دھار بلے باز ہیں جو ایک اوور میں کھیل کا نقشہ بدل سکتے ہیں

نیوزی لینڈ کی بائولنگ لائن کو دیکھا جائے تو پورے ٹورنامنٹ میں سپنر سودھی اور فاسٹ بائولر ٹرینٹ بولٹ کی کارکردگی بہترین رہی ہے اور یہ دونوں بائولر مخالف ٹیم کے بلے بازوں کیلئے خطرناک ثابت ہوئے ہیں بالخصوص ٹرینٹ بولٹ مخالف ٹیم کے ٹاپ آرڈر کو جلد پویلین بھیجنے کی صلاحیت رکھتے ہیں، آسڑیلیا کی بیٹنگ لائن پر نظر ڈالی جائے تو ٹاپ آرڈر میں ڈیوڈ وارنر اب تک دھواں دھار بیٹنگ کی وجہ سے آسڑیلیا کی بیٹنگ کو سنبھالے ہوئے ہیں وارنر کسی بھی ٹیم کے بائولنگ اٹیک پر اچھے سٹروکس کھیلنے کی صلاحیت سے مالا مال ہیں آسڑیلیا کی بیٹنگ لائن میں دوسرے کھلاڑیوں کی کارکردگی بھی شامل رہی ہے مگر پورے ٹورنامنٹ میں وارنر ہی ہیں جو ٹیم کی بیٹنگ کو لیکر چل رہے ہیں

مارکس سٹیونس کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ یہ کھلاڑی گیم چینجر ہے تاہم پاکستان کیخلاف یہ کردار میتھیو ویڈ نے ادا کر دیا تھا جس کی وجہ سے میتھیو ویڈ بھی آج کے میچ میں کیوی بائولرز کیلئے ایک بڑا امتحان ثابت ہوسکتے ہیں ، آسڑیلیا کی بائولنگ لائن کا انحصار سپنر ایڈم زمپا کی کارکردگی پر ہے جنہوںنے اب تک پورے ٹورنامنٹ میں اپنی جادگری سے مخالف ٹیم کے بلے بازوں کو گھما کر رکھا ہے اور آج کے میچ میں بھی آسڑیلوی ٹیم کو ان سے بہت زیادہ توقعات وابستہ ہیں فاسٹ بائولر جوش ہیزل ووڈ کی تیزی رفتار بائولنگ بھی کیوی ٹاپ آرڈر کیلئے مسائل پیدا کرسکتی ہے۔اگر فائنل میچ میں دیکھا جائے تو اصل مقابلہ ٹرینٹ بولٹ کی تیزی رفتار بائولنگ اور ڈیوڈ وارنر کے بلے درمیان ہوگا اور جو بھی اس مقابلے میں حاوی ہوا اس کی ٹیم کو بھی برتری حاصل رہے گی

اسی طرح جوش ہیزل ووڈ اور ڈیرل مچل کے درمیان بھی یہ کچھ ہونا ہے جبکہ مڈل آرڈر میں اگر نیوزی لینڈ کی جانب سے سودھی اور آسڑیلیا کی جانب سے ایڈم زمپا کی گیند نے ٹرن لینا شروع کردیا تھا آج کا فائنل مقابلہ انتہائی دلچسپ اور سنسنی خیز ہوسکتا ہے۔

Back to top button