ویرات کوہلی کی بھارتی کرکٹ ٹیم سے چھٹی
بھارتی کرکٹ بورڈ نے نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کیلئے ٹیم کا اعلان کردیا ہے تاہم اس میں کوہلی سمیت دیگر اہم کھلاڑی شامل نہیں ہیں۔
ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں بھارت کی ناقص کارکردگی کے بعد بھارتی ٹیم میں اکھاڑ پچھاڑ متوقع تھی اور اب نیوزی لینڈ کیخلاف ہوم سیریز میں روہت شرما کو ٹیم کی قیادت سونپ دی گئی ہے جبکہ کے ایل راہول کو ان کا نائب مقرر کیا گیا ہے۔
ویرات کوہلی نے اعلان کیا تھا کہ وہ ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے بعد ٹیم کی کپتانی چھوڑ دیں گے اور یہ خبریں گردش کررہی تھیں کہ روہت شرما کو کپتانی ملے گی۔
فی الحال یہ واضح نہیں کہ روہت شرما کو مستقل طور پر ٹی ٹوئنٹی ٹیم کا کپتان بنایا گیا ہے یا صرف ایک سیریز کے لیے۔ بھارتی کرکٹ بورڈ نے ایک مختصر سی پریس ریلیز میں کھلاڑیوں کا اعلان کیا۔
بورڈ کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق 17 نومبر سے شروع ہونے والی نیوزی لینڈ کیخلاف تین ٹی ٹوئنٹی میچز کی ہوم سیریز میں روہت شرما کپتان ہوں گے ۔ کے ایل راہول کو نائب کپتان بنایا گیا ہے۔
اسکواڈ میں سابق کپتان ویرات کوہلی، جسپریت بمراہ، رویندر جدیجا اور محمد شامی کو شامل نہیں کیا گیا اور بتایا گیا ہے کہ انہیں آرام دینے کی غرض سے ٹیم سے باہر کیا گیا۔
اعلان کردہ اسکواڈ میں روہت شرما، کے ایل راہول، روتوراج گائیکواڈ، شریاس ائیر، سوریا کمار یادیو، رشبھ پنٹ، ایشان کشن، وینکاتیش ائیر، یزویندرا چاہال، روی چندرن ایشون، اکثر پٹیل، اویش خان، بھوونیشور کمار، دیپک چاہار، ہرشل پٹیل اور محمد سراج شامل ہیں۔