الیکشن کمیشن افسر کی رپورٹ کو توڑ مروڑ کے پیش کیا جا رہاہے،فردوس عاشق اعوان
وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی سابق معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن کے افسر کی رپورٹ کو توڑ مروڑ کے پیش کیاجارہا ہے۔
پریس کانفرنس کرتے ہوئے فردوس عاشق کا کہنا تھاکہ ڈسکہ سے پی ٹی آئی کے امیدوار اسےسپریم کورٹ تک لے کرگئے، آر او اور ڈی آراو سےمتعلق سیکڑوں درخواستوں کے حوالے سے بات کی ہے، ان افسران سےمتعلق ہمارے تحفظات درست تھے۔
ان کا کہنا تھاکہ جو پریذائیڈنگ افسران اغوا ہوئے، اس سے متعلق رپورٹ واضح نہیں، ڈسکہ الیکشن سے متعلق حکومت کا کہیں بھی سافٹ کارنر نہیں تھا۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 75 ڈسکہ کے ضمنی الیکشن سے متعلق تحقیقاتی رپورٹ جاری کی تھی۔
تحقیقاتی رپورٹ کے مطابق ڈسکہ ضمنی الیکشن آزاد، صاف اور شفاف ماحول میں نہیں ہوئے، ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز محمد اقبال نے الیکشن عمل میں ہیرا پھیری کیلئے اجلاسوں میں شرکت کی جبکہ اے سی ہاؤس میں ہونے والے اجلاسوں میں فردوس عاشق اعوان بھی شریک ہوئیں۔