آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے بڑے مقابلے میں انگلینڈ نے آسٹریلیا کو چاروں شانے چت کرتے ہوئے 8 وکٹوں سے ہرادیا۔
انگلینڈ نے آسٹریلیا کا دیا گیا 126 رنز کا ہدف 12ویں اوور میں ہی حاصل کرکے گروپ 2 میں بہتر رن ریٹ کے ساتھ پہلی پوزیشن پر قبضہ جمالیا۔
دبئی میں ہونے والے اس میچ میں انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے کپتان ایون مورگن نے حسبِ روایت ٹاس جیت کر ہدف کے تعاقب کا فیصلہ کیا تھا۔
بیٹرز کی مایوس کن کارکردگی کے باعث آسٹریلوی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 125 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔
انگلینڈ کے بولرز کے آگے آسٹریلوی بلے باز بے بس دکھائی دیے، دنیا کی بہترین بیٹنگ لائن میں سے ایک قرار دیے جانے والے آسٹریلوی کھلاڑی اپنی وکٹیں باآسانی گنواتے رہے۔
کپتان ایرون فنچ نے 44 رنز کے ساتھ انگلش بولرز کے سامنے مزاحمت کی اور ٹیل اینڈرز کے قیمتی رنز نے ٹیم کو اننگز کے اختتام تک 125 کے مجموعے تک پہنچایا۔
انگلینڈ کے تمام ہی بولرز وکٹیں اڑانے میں کامیاب ہوئے، لیکن 17 رنز کے عوض 3 وکٹیں لینے والے کرس جورڈن نمایاں بولر رہے۔
ہدف کے تعاقب میں آسٹریلین بولرز بجھے بجھے دکھائی دیے، جو انگلینڈ کے صرف جیس رائے اور ڈیوڈ ملان کو ہی قابو کرپائے۔
جارح مزاج جوز بٹلر کی 5 چوکوں اور اتنے ہی بلند و بالا چھکوں نے آسٹریلیا کے ہوش اڑا دیے جنہوں نے 71 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی اور اپنی ٹیم کو فتح سے ہمکنار کروایا۔
اس جیت کے ساتھ ہی انگلینڈ 6 پوائنٹس اور بہتر رن ریٹ کے ساتھ گروپ 2 میں پہلی پوزیشن پر بدستور موجود ہے۔