اگر آپ کرکٹ کے شوقین ہیں تو تصاویر اور ویڈیوز دیکھ کر یہ بات ضرور ذہن میں آئی ہوگی کہ پاکستانی کھلاڑیوں کو ٹریننگ سیشن کے دوران جھنڈا لے جانے کی کیا ضرورت ہے؟
پاکستان کرکٹ ٹیم کے عبوری ہیڈ کوچ ثقلین مشتاق نے گزشتہ روز کی جانے والی پریس کانفرنس کے دوران اس راز سے پردہ اٹھایا۔
سابق اسپنر نے بتایا کہ یہ جھنڈا صرف ان کھلاڑیوں کی نہیں بلکہ پوری قوم کی نمائندگی کرتا ہے۔
ثقلین مشتاق نے کہا کہ 24 کروڑ افراد اس جھنڈے تلے ہیں، یہ جھنڈا ہم سب کیلئے متاثر کن ہے جو ہمارے حوصلے بلند کرتا ہے، جھنڈا لانے کا مقصد یہ ہی ہے کہ گراؤنڈ میں صرف 18 یا 20 لوگ نہیں بلکہ 24 کروڑ لوگوں کی ٹیم گراؤنڈ میں کھیل رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ وہ سب ہی لوگ اپنا اپنا کردار ادا کررہے ہیں جو پاکستان میں بیٹھے ہوئے ہیں، وہ دعا کررہے ہیں، سڑکوں پر کھڑے لوگوں کو جب ٹیم سے متعلق کوئی خبر ملتی ہے تو وہ اس جھنڈے کو نظر میں رکھتے ہوئے بات کرتے ہیں۔
خیال رہے کہ آئے دن سوشل میڈیا پر پاکستانی کھلاڑیوں کی ٹریننگ کی ویڈیوز وائرل ہوتی ہیں جن میں کھلاڑیوں کو گراؤنڈ میں جھنڈا ساتھ لاتے دیکھا جاتا ہے۔