سوڈان میں فوجی بغاوت پر امریکا کا اظہار تشویش

سوڈان میں فوجی بغاوت کی اطلاعات پر امریکا نے اظہار تشویش کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ اس سے سوڈان کی امداد خطرے میں پڑ سکتی ہے۔

افریقہ کیلئے امریکی خصوصی نمائندے جیفری فیلٹ مین کا کہنا ہے کہ سوڈان میں فوجی بغاوت کی اطلاعات پر امریکا کو تشویش ہے۔

انہوں نے کہا کہ فوجی بغاوت سوڈانی آئین میں مداخلت ہوگی، فوجی بغاوت سے سوڈان کیلئے امریکی امداد خطرے میں پڑ جائے گی۔

واضح رہے کہ سوڈان میں فوجی بغاوت کے بعد وزیراعظم عبداللّٰہ حمدوک کو گھر میں نظر بند کر دیا گیا، خرطوم میں شہریوں کی نقل و حرکت پر پابندی عائد کردی گئی، جمہوریت پسند گروپ نے ہڑتال اور سول نافرمانی کا اعلان کر دیا ہے۔

سوڈانی وزارت اطلاعات کا کہنا ہے سوڈانی وزیراعظم کو فوجی بغاوت کی حمایت سے انکار پر نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے۔

وزارت اطلاعات کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ سوڈانی فوج کی جانب سے گھر میں نظر بند وزیراعظم پر فوجی بغاوت کی حمایت کا بیان دینے پر دباؤ ڈالا جارہا ہے۔

Exit mobile version