عمران خان اپنے اردگرد لوگو ں پر نظر ڈالیں،جام کمال
وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال نے نامور مفکر، شاعر اور فلسفی ابن العربی کا مشہور قول شیئر کیا اور ساتھ ہی وزیراعظم عمران خان کو ایک مشورہ بھی دیا۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال نے سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں کہا کہ یہ سیاسی تحریک بلوچستان اور پاکستان کی سیاست میں ایک نئے دور کا آغاز ہو گی۔
انہوں نے کہا کہ دو ماہ میں بہت سی چیزیں کھل کر سامنے آ گئی ہیں، چہرے اور سیاست کے نام نہاد اصول سامنے آئے ہیں، لالچ اور اقتدار کی حرص، سازشیوں اور بہت سے ہیروز کو بھی دیکھا۔
وزیراعلیٰ بلوچستان نے اپنی ٹوئٹ میں نامور مفکر، فلسفی اور شاعر ابن العربی کا قول بھی شیئر کیا کہ "ہو سکتا ہے دنیا میں منافقت جیت جائے مگر آخرت سچوں کی کامیابی کا دن ہے”۔
اس سے قبل جام کمال نے اپنی ٹوئٹ میں کہا کہ اقتدار اور لالچ کے بھوکے اپنا یہ شوق بھی پورا کر لیں، صوبے کو نقصانات کے ذمہ دار بی اے پی ناراض گروپ، پی ڈی ایم اور چند مافیا ہوں گے۔
وزیراعلیٰ جام کمال نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کو مشورہ دوں گا کہ اپنے اردگرد لوگو ں پر نظر ڈالیں۔
ان کا کہنا تھا وزیراعظم عمران خان کو چاہیے کہ اپنے وفاقی سطح کے پارٹی ممبران سے کہیں کہ بلوچستان کے اندرونی معاملات میں دخل اندازی نہ کریں تاکہ پی ٹی آئی بلوچستان صوبائی سطح پر اپنا کردار ادا کر سکے۔